افغان مہاجرین: ڈونالڈ بلوم نے پاکستان کے رجسٹریشن کارڈ میں توسیع کے فیصلے کو سراہا

10 اگست 2024

پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پناہ گزینوں کے رجسٹریشن کارڈ کی مدت میں توسیع کے پاکستان کے حالیہ فیصلے کو سراہا اور پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے علاقوں میں افغان پناہ گزینوں اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کی مدد کے لئے اسلام آباد کے ساتھ مل کر کام کرنے کے واشنگٹن کے عزم کا اعادہ کیا۔

امریکی سفارت خانے کے ترجمان جوناتھن لیلی نے ایک بیان میں کہا کہ سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر مملکت برائے سرحدی امور امیر مقام سے ملاقات کی اور افغان مہاجرین کی میزبانی کی پاکستان کی طویل تاریخ پر ان کا شکریہ ادا کیا ،اس موقع پر انہوں نے پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے علاقوں میں افغان پناہ گزینوں اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کی مدد کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ سفیر بلوم نے پناہ گزینوں کے رجسٹریشن کارڈز کی میعاد میں توسیع کے پاکستان کے حالیہ فیصلے، تحفظ پر خدشات کو دور کرنے کے لیے اٹھائے گئے مثبت اقدامات اور اہل افغان کی امریکا میں محفوظ اور مؤثر آباد کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے مسلسل تعاون کی تعریف کی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments