پاکستان نے جمعے کے روز اس رپورٹ کو مسترد کیا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پاکستان نے ایران کی مدد کے لیے میزائل بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران یروشلم پوسٹ کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اگر ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع بڑھتا ہے تو پاکستان ایران کو درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے شاہین تھری بیلسٹک میزائل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی خبریں سراسر غلط ہیں۔ اس طرح کی رپورٹس پر کوئی توجہ دینے سے پہلے یہ ضروری ہے کہ ایسی بے بنیاد خبروں کے پیچھے کے ذرائع اور ان کے پیچھے بدنیتی پر مبنی ایجنڈا پر غور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشرق وسطیٰ کے لیے نازک وقت ہے، لہٰذا ہم میڈیا سمیت تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ جھوٹی خبریں پھیلانے میں ملوث نہ ہوں۔
بنگلہ دیش کے واقعات میں ملوث ہونے کے بھارتی بیانات مسترد
دریں اثناء بنگلہ دیش کے واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے کی بھارتی رپورٹس کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی رپورٹس پاکستان کے بارے میں بھارت کے پریشان کن جنون کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاسی جماعتوں اور ان کے میڈیا کی عادت ہے کہ وہ داخلی اور خارجہ پالیسی میں اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مثبت تعلقات ہیں جن میں گزشتہ کئی سالوں سے اضافہ ہو رہا ہے۔
بنگلہ دیش کی 1971 کی جنگ آزادی میں حصہ لینے والے سابق فوجیوں کے اہل خانہ کے لیے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ کے خلاف جولائی میں شروع ہونے والے پرتشدد مظاہروں کا اختتام شیخ حسینہ کے 15 سالہ طویل دور اقتدار کے اختتام پر ہوا۔
بدترین مظاہروں نے بنگلہ دیشی فوج کو مداخلت کرنے پر مجبور کر دیا ، آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے پہلے ہی عبوری حکومت کی تشکیل کا اعلان کیا تھا اور اب پروفیسر یونس نگران سیٹ اپ کی قیادت کریں گے۔