پاکستان اور چین کا توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر تبادلہ خیال

  • پاکستان پہلے ہی بیجنگ سے توانائی کے شعبے میں چینی قرضوں کی ری پروفائلنگ کی درخواست کرچکا ہے
09 اگست 2024

پاکستان کے اعلیٰ عہدیداروں، بشمول وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، نے چین کے حکام کے ساتھ ملک کے توانائی شعبے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے جمعرات کو چین کے چارج ڈی افیئرز شی یوان چیانگ اور عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی محمد علی اور وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک بھی شریک ہوئے۔

بیان کے مطابق، اورنگزیب نے چینی وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کے معاشی منظرنامے میں حالیہ مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا، جن میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، مہنگائی میں کمی، اور ٹیکس وصولی میں بہتری شامل ہے۔

ملاقات کے دوران، وزیر نے توانائی کے شعبے، سرکاری اداروں (ایس او ایز) اور جاری نجکاری کی کوششوں میں حکومت کی جانب سے کی جانے والی اہم اصلاحات کی وضاحت بھی کی۔

انہوں نے برآمدات پر مبنی ترقی پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے لیے غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری( ایف ڈی آئی) کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دو ممالک طویل عرصے سے اچھے اتحادی ہیں، اور چین سے قرضوں کے رول اوور نے ماضی میں پاکستان کو اپنی بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔

ملاقات کے دوران، اورنگزیب نے اپنے حالیہ دورہ چین کو یاد کیا اور کہا کہ انہوں نے وزیر خزانہ اور دیگر حکام کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے تجاویز پر انتہائی مفید بات چیت کی۔

دریں اثنا، وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ اسلام آباد ”پاکستان کے توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری کی بہت قدر کرتا ہے۔“

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کئی اصلاحات پر عمل درآمد کر رہی ہے۔

چینی چارج ڈی افیئرز نے پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کی حمایت کے لیے چینی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے دونوں طرف کے مختلف محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

گزشتہ ماہ، اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ اپنے توانائی کے شعبے کے قرضوں کی ری پروفائلنگ کے لیے بات چیت کا آغاز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پاور سیکٹر کے لیے چینی قرضے کی ری پروفائلنگ ہر پروجیکٹ کی بنیاد پر کرے گا اور اسلام آباد اس مقصد کے لیے چین میں مقامی مشیر مقرر کرنے پر غور کر رہا ہے۔

Read Comments