ارشد ندیم نے 40 سال بعد پاکستان کو گولڈ میڈل جتوادیا

  • ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 کے مردوں کے جیولین تھرو فائنل میں 92.97 میٹر تھرو کے ساتھ اولمپک ریکارڈ قائم کیا
اپ ڈیٹ 09 اگست 2024

پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز پرفارمنس دیتے ہوئے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوادیا۔ یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔

ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 کے مردوں کے جیولین تھرو فائنل میں 92.97 میٹر تھرو کے ساتھ اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔

پاکستان نے 1992 کے بعد سے اولمپکس میں کوئی تمغہ نہیں جیتا تھا اور آخری بار 1984 میں سونے کا تمغہ جیتا تھا، یہ دونوں تمغے ہاکی ٹیم نے جیتے تھے۔

پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم نے بھارت کے نیرج چوپڑا کو شکست دے کر چار دہائیوں کا انتظار ختم کردیا۔

خانیوال سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ کھلاڑی پیرس میں پاکستان کی واحد امید تھے اور انہوں نے توقعات پر پورا اترتے ہوئے 90 میٹر سے زیادہ کی بلندی پر دو تھرو کیے۔

گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز (87.87 میٹر) تیسرے نمبر پر رہے۔

دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ جیت نوجوان ایتھلیٹس کے لئے ایک متاثر کن مثال کے طور پر کام کرے گی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کسی مقصد کے لئے سچی لگن لازمی طور پر کامیابی کا باعث بنتی ہے۔

پس منظر

پاکستان نے 7 ایتھلیٹس پر مشتمل دستہ پیرس بھیجا تھا جن میں سے چھ اپنے اپنے کھیلوں کے پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہو گئے ۔ ایتھلیٹ ارشد ندیم فائنل راؤنڈ میں پہنچنے والے واحد پاکستانی کھلاڑی تھے۔

منگل کو کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران ارشد نے 86.59 میٹر تھرو کیا جو 84 میٹر کوالیفائنگ مارک سے کہیں زیادہ تھا۔ ان کے بعد بھارت کے نیرج چوپڑا (89 میٹر) اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز (88 میٹر) تیسرے نمبر پر رہے۔

پاکستان کا بہترین شاٹ

جیولین ایونٹ سے قبل پاکستان نے 1948 کے ایڈیشن کے بعد سے صرف 10 اولمپک تمغے جیتے ہیں ۔ ملک نے آخری بار تمغہ 1992 میں حاصل کیا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

اولمپک تمغے کی تمام امیدیں ارشد ندیم پر منحصر تھیں جو نو بار بین الاقوامی اور چار بار سونے کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ اسٹار ایتھلیٹ نے سال 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں پانچویں پوزیشن حاصل کی ، لیکن 2023 میں ورلڈ چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ اور 2022 میں کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر کے فاصلے کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔

Read Comments