وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو کہا ہے کہ حکومت اور اداروں کے درمیان تعاون بے مثال سطح پر ہے۔
آج اسلام آباد میں علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپنے 40 سالہ سیاسی کیرئیر میں حکومت اور آئینی اداروں کے درمیان اس سطح کا تعاون کبھی نہیں دیکھا جو آج موجود ہے۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے خلاف پروپیگنڈا مہم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ 9 مئی کا واقعہ ملکی تاریخ کا سب سے نفرت انگیز واقعہ ہے۔
وزیراعظم شہباز نے کہا کہ حکومت معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے اور امید ہے کہ آئندہ آئی ایم ایف پروگرام آخری ہوگا۔
اس دوران انہوں نے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی، اتحاد اور ہم آہنگی پر زور دیا۔