پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کو بدھ کے روز کوٹ گوجرانوالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ ان کی رہائی کے احکامات بدھ کو جمع کرائے گئے تھے۔
عالیہ حمزہ جیل سے باہر نکلنے کے بعد اہلخانہ کے ہمراہ گاڑی میں روانہ ہوئیں جبکہ ان کے وکیل نے ان کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ 29 اگست تک عدالت کی اجازت کے بغیر کسی بھی نئے کیس میں عالیہ حمزہ کو گرفتار نہ کریں۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ کے شوہر حمزہ جمیل کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ جاری کیا جس میں انہوں نے مزید گرفتاریوں کو روکنے کے لیے حفاظتی ضمانت کی درخواست کی تھی۔
جسٹس نجفی نے ریمارکس دیئے کہ کوئی بھی ایجنسی لاہور ہائی کورٹ کی اجازت کے بغیر عالیہ حمزہ کو گرفتار نہیں کرے گی۔
عدالت نے اٹارنی جنرل منصور اعوان سے آئندہ سماعت تک رپورٹ طلب کرلی جس میں عالیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔