او آئی سی سی آئی کی معیشت میں شراکت داری کی وضاحت

07 اگست 2024

پاکستان میں سرفہرست 210 غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نمائندہ تنظیم اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) نے اپنے سالانہ اقتصادی شراکت کے سروے 2023 میں پاکستان کی معیشت میں اپنے اراکین کی نمایاں شراکت کی وضاحت کی ہے ۔

گزشتہ 10 سالوں میں 2013 سے 2023 تک پاکستان کو 19.8 ارب ڈالر کی خالص غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری(ایف ڈی آئی) موصول ہوئی۔

اسی عرصے کے دوران او آئی سی سی آئی کے ممبران نے 22.6 ارب ڈالر کا تعاون کیا جو ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے اہم عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ مضبوط سرمایہ کاری غیر ملکی سرمایہ کاروں کے پاکستان کی طویل مدتی صلاحیت پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

سال 2023 میں او آئی سی سی آئی کی 139 رکن کمپنیوں نے 29.6 ٹریلین روپے کے اثاثے، 482 ارب روپے کے کیپیٹل اخراجات، 2.4 ٹریلین روپے کے حکومتی لیویز اور 10.4 ٹریلین روپے کی مجموعی آمدن رپورٹ کی ۔

ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود او آئی سی سی آئی کے ممبران نے گزشتہ دہائی کے دوران دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے مقابلے میں زیادہ اعتماد کا اظہار کیا ہے، جیسا کہ سرمایہ کاری کے اعداد و شمار اور معاشی شراکت سے ظاہر ہوتا ہے۔

او آئی سی سی آئی کے صدر ریحان شیخ نے پاکستانی معیشت پر اراکین کے اعتماد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے معاشی چیلنجز سے نبرد آزما ہے، او آئی سی سی آئی کے ممبران کی سرمایہ کاری مستقبل کی ترقی اور ترقی کے لئے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کرتی ہے۔

ممبران میں سے 51 لسٹڈ کمپنیاں ہیں جنہوں نے اپنی مالی کارکردگی میں قابل ذکر ترقی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 2019 سے 2023 کے درمیان ٹیکس سے قبل منافع کی کمپاؤنڈ سالانہ شرح نمو (سی اے جی آر) بڑھ کر 30.2 فیصد ہوگئی جبکہ 2018 اور 2022 کے درمیان سی اے جی آر 18.9 فیصد تھی۔ سال 2023 میں ان کمپنیوں نے مجموعی طور پر 1130 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع اور 6747 ارب روپے کا کاروبار کیا۔

سال 2023 کے لیے شعبہ وار ٹرن اوور پاکستان کی معیشت میں مختلف صنعتوں کے متنوع کردار کو اجاگر کرتا ہے جس میں تیل، گیس اور توانائی 4,857 ارب روپے اور بینکنگ، انشورنس، فنانس اور لیزنگ 1,555 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

سروے کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے او آئی سی سی آئی سی ای/ سیکرٹری جنرل ایم عبدالعلیم نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کے ممبران کی اہم شراکت پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔ متنوع شعبہ جاتی تعاون وسیع البنیاد اقتصادی روابط کی عکاسی کرتا ہے جس میں تیل و گیس، بینکاری اور صارفین کی مصنوعات جیسے اہم شعبے سرفہرست ہیں۔

مالی تعاون کے علاوہ او آئی سی سی آئی کے ممبران ٹیکنالوجی کی منتقلی، ڈیجیٹل تبدیلی، جدید ترین ایجادات متعارف کرانے اور مینوفیکچرنگ آپریشن، سپلائی چین اور بین الاقوامی طور پر معروف برانڈز کی مارکیٹنگ کے شعبے میں بہترین طریقوں کے اشتراک میں بھی مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔

کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) سرگرمیوں کے ذریعے 2022-2023 میں پاکستان کی کمیونٹیز میں 13 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرکے ممبران نے ملک بھر میں 40 ملین افراد پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments