وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ایک سال کے لیے قرض رول اوور کرنے کی یقین دہانیاں حاصل کرلی ہیں۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق محمد اورنگ زیب نے اسلام آباد میں پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ قرض رول اوورکرنے کی رقم پچھلے سال کے برابر ہوگی۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کو چین سے بھی قرضوں کی ری پروفائلنگ کا سامنا ہے جبکہ اسلام آباد کو 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج سے قبل بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کا انتظار ہے۔
گزشتہ ماہ پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان 37 ماہ کے عرصے پر مشتمل 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے لیے اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پایا تھا جس کا مقصد استحکام اور جامع ترقی کو مستحکم کرنا تھا۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ نئے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کی منظوری اس کے ایگزیکٹو بورڈ اور پاکستان کے ترقیاتی اور دوطرفہ شراکت داروں کی جانب سے ضروری مالی یقین دہانیوں کی بروقت تصدیق سے مشروط ہے۔
اس میں پاکستان کے دیرینہ اتحادیوں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین سے قرضوں کا رول اوور ہونا بھی شامل ہے۔
اس معاہدے کے تحت مئی میں اسلام آباد کی جانب سے گزشتہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام مکمل کرنے کے بعد شروع ہونے والے مذاکرات کو محدود کر دیا گیا تھا جس سے معیشت کو مستحکم کرنے اور ڈیفالٹ کے خطرات کو روکنے میں مدد ملی تھی۔