مقبوضہ مغربی کنارے میں جھڑپیں، اسرائیلی فوج نے 12 فلسطینی شہید کردیے

06 اگست 2024

مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے چھاپوں کے بعد مسلح جھڑپ کے نتیجے میں 12 فلسطینی مزاحمت کار شہید ہوگئے۔ طبی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج کو بارودی ڈرون کی بھی مدد حاصل رہی۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے شورش زدہ شہر جنین میں دو الگ الگ فضائی حملے کیے لیکن اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

فلسطین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ جنین میں دو گاڑیوں پر حملوں میں 5 افراد شہید ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ جنین مغربی کنارے میں فلسطینی جنگجوؤں کی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک ہنگامہ خیز علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔

یہ حملے جنین میں اسرائیلی فوج کے ایک آپریشن کے دوران کیے گئے جس میں سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی فوٹیج میں بکتر بند گاڑیوں میں سوار اہلکاروں کے ایک دستے کو شہر میں داخل ہوتے اور بکتر بند بلڈوزر کو سڑکوں کی کھدائی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس چھاپے کے نتیجے میں اسرائیلی فورسز نے جنین کے قریب کفر قد گاؤں میں ایک گھر کا محاصرہ کیا۔ مقامی فلسطینی طبی کارکنوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد مارے گئے جبکہ دو زخمی ہوئے۔

مرنے والوں کی شناخت کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں ہیں اور فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا وہ کسی مسلح دھڑے کے رکن تھے۔

31 جولائی کو تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کے قتل کے بعد اسرائیل کی جانب سے متوقع ایرانی ردعمل کی تیاری کے ساتھ مغربی کنارے میں پرتشدد واقعات نے غزہ میں فلسطینی گروپ حماس کے ساتھ جنگ کے آغاز کے 10 ماہ بعد اسرائیلی افواج کو درپیش سلامتی کے چیلنج کی نشاندہی کی ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے عقبہ میں اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم چار فلسطینی شہید اور سات زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق یہ جھڑپیں اس وقت ہوئیں جب اسرائیلی فورسز نے عقبہ میں ایک گھر کا محاصرہ کر لیا اور نوجوانوں کے ایک گروپ کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔

غزہ جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی افواج مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں سیکڑوں فلسطینیوں کو شہید کر چکی ہیں۔ ان میں سے کئی مسلح جنگجو، بہت سے پتھراؤ کرنے والے نوجوان یا عام شہری بھی تھے۔

اس کے ساتھ ہی فلسطینی حملوں میں کم از کم 13 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔ منگل کے روز مقبوضہ بیت القدس کے مضافات میں ایک چیک پوسٹ پر بس کے معائنے کے دوران ایک فلسطینی شخص نے چاقو کے وار سے ایک خاتون سرحدی محافظ کو زخمی کر دیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ حملہ آور کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا گیا تھا۔

Read Comments