پیرس اولمپکس: ارشد ندیم فائنل میں پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 06 اگست 2024

پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو مقابلے کیلئے پاکستان کے اولمپئین ارشد ندیم فائنل میں پہنچ گئے ۔

واضح رہے کہ پاکستنان کے 6 اولمپیئن پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں تاہم 36 سال بعد پاکستان کی اولمپک طلائی تمغہ جیتنے کی ساری امیدیں اب ارشد ندیم پر منحصر ہیں۔

9 بار بین الاقوامی تمغہ جیتنے والے اور چار بار سونے کے تمغے جیتنے والے ارشد ندیم کو گروپ بی میں ہندوستان کے گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا کے ساتھ رکھا گیا ۔

رولز کے مطابق کھلاڑیوں کو میڈل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرنے کے لئے کم از کم 84 میٹر تھرو کرنا ضروری تھا۔

بھارت کے نیرج چوپڑا نے گروپ بی میں پہلا تھرو لیا اور 89.34 میٹر کا فاصلہ طے کرکے میڈل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔

ارشد ندیم نے بھی 86.59 میٹر تھرو کے ساتھ اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی اور چوپڑا کے بعد دوسرے نمبر پر رہے۔

پاکستان کا جیولن ہیرو

ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد شہرت حاصل کی۔ سال 2022 میں ندیم نے امریکہ میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ اس کے فورا بعد انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر کے بہترین تھرو کے ساتھ ریکارڈ قائم کیا اور برمنگھم میں سونے کا تمغہ جیتا۔

اس کے بعد لندن میں ان کی کہنی اور بائیں گھٹنے کی سرجری ہوئی، صحت یاب ہونے میں وقت لگا اور پھر مئی میں کوئٹہ میں ہونے والے 34 ویں نیشنل گیمز میں حصہ لیا۔

اپنی فٹنس کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہنے کے باوجود ، انہوں نے اپنی ڈپارٹمنٹل ٹیم ، واپڈا کے لئے سونے کا تمغہ جیتا۔ اس ایونٹ میں انہیں اس وقت شدید دھچکا لگا جب ان کے دائیں گھٹنے میں چوٹ لگ گئی جس کی وجہ سے وہ بینکاک میں ہونے والی حالیہ ایشین چیمپیئن شپ سے باہر ہو گئے۔

Read Comments