ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے گزشتہ ہفتے تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کے قتل کے بعد پیر کے روز کہا کہ ایران علاقائی کشیدگی میں اضافہ نہیں کرنا چاہتا لیکن مزید عدم استحکام سے بچنے کے لیے اسرائیل کو سزا دینے کی ضرورت ہے۔
ناصر کنانی نے کہا کہ ایران خطے میں استحکام قائم کرنا چاہتا ہے لیکن یہ صرف جارح کو سزا دینے اور صیہونی حکومت (اسرائیل) کی مہم جوئی کے خلاف مزاحمت پیدا کرنے کے ساتھ ہی آئے گا۔
انہوں نے امریکہ سے اسرائیل کی حمایت بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری خطے میں استحکام کیلئے اپنا فرض ادا کرنے میں ناکام رہی ہے اور اسے جارح کو سزا دینے کی حمایت کرنی چاہئے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر حسین سلامی نے پیر کے روز اس دھمکی کا اعادہ کیا ہے کہ اسرائیل کو مقررہ وقت پر سزا دی جائے گی۔
تہران اور ایران سے وابستہ گروہوں جیسے حماس اور حزب اللہ نے اسرائیل پر 31 جولائی کواسماعیل ہانیہ کے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔
اسرائیلی حکام نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔