صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انصاف اور امن کو یقینی بنائے۔
ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے جس کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے کو قبول نہیں کرتے اور 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کو مسترد کرتے ہیں جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد سے بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین، کشمیری عوام کی امنگوں اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی کا مظہر ہیں۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ بین الاقوامی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
دریں اثناء اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے اظہار میں پوری پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کا جائز اور ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔
اسی طرح نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کے جائز حقوق کے مکمل حصول کے لئے ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔
علاوہ ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور افواج پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو ان کی غیر معمولی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا اور سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر ظلم و جبر کے خلاف کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔