ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 4 ستمبر کو ڈیموکریٹک نائب صدر کملا ہیرس سے فاکس نیوز پر بحث کرنے کی تجویز پیش کی، لیکن کملا ہیریس نے جواب دیا ہے کہ ٹرمپ اس بحث سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کر رہے ہیں جو پہلے ہی اے بی سی طے شدہ ہے۔
ٹرمپ نے جمعہ کے روز دیر سے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ قواعد صدر جو بائیڈن کے ساتھ پہلی بحث کی طرح ہوں گے، جنہوں نے اس کے بعد انتخابات سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔
ٹرمپ اور بائیڈن نے 10 ستمبر کو اے بی سی نیوز پر بحث کے دوسرے دور کیلئے اتفاق کیا تھا، جسے سابق صدر نے اپنے حامیوں کے سب سے زیادہ مقبول نیٹ ورک فاکس میں منتقل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
کملا ہیریس جس نے جمعہ کو 5 نومبر کے انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک نامزدگی حاصل کرنے کے لیے درکار مندوبین کے ووٹ حاصل کیے، ہفتے کے روز کہا کہ وہ اے بی سی پر طے شدہ بحث میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ میں 10 ستمبر کو وہاں آؤں گی، جیسا کہ انہوں نے اتفاق کیا تھا۔ میں انہیں وہاں دیکھنے کی امید کرتی ہوں۔
کملا ہیریس کے ترجمان مائیکل ٹائلر نے کہا کہ ٹرمپ خوفزدہ ہو رہے ہیں۔