اسماعیل ہنیہ کے قتل پر صہیونی ریاست کو جوابدہ ٹھہرایا جائے، شہباز شریف

  • قومی اسمبلی میں حماس کے سیاسی سربراہ کے قتل اور غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور
اپ ڈیٹ 02 اگست 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کی جس میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی قرارداد منظور کی گئی۔

اسرائیل کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صہیونی ریاست کو اسماعیل ہنیہ کے قتل پر جوابدہ ٹھہرانا چاہیے جو تہران میں قتل ہوئے جہاں وہ ایران کے نئے صدر مسعود پیزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے گئے تھے۔

پاکستان نے جمعرات کو فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر (آج) جمعہ کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا تاکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کی جا سکے، جس کی وجہ سے 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل میں حملوں کے بعد سے اب تک 40,000 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

آج قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل امن کی جاری کوششوں کے لیے ایک دھچکا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ماورائے عدالت قتل سمیت دہشت گردی کی تمام شکلوں کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر قبرستانوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ چیخ و پکار نے کھیلتے بچوں کی خوشیوں کو چھین لیا ہے۔ فلسطین ویران ہوتا جارہا ہے، وزیر اعظم نے اسرائیلی ظلم کے خاتمے کے لیے دنیا کی بے عملی اور بے بسی پر سوالات بھی اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف مسلمان بلکہ ہر امن پسند انسان بلا تفریق عقیدہ و مسلک، ان بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے چارٹر پر عمل درآمد نہ ہونے پر سوال اٹھا رہا ہے جن کے لیے اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے بنائے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسے بچے کا سوال ہے جو پیدائش کے چند لمحوں بعد مارا گیا یہ ایک ماں کا سوال ہے، جو اب جنت میں ہے، جس کا اسقاط حمل کر دیا گیا ۔ یہ ایک بچے کا سوال ہے جو اسپتال میں اپنی ماں کا انتظار کر رہا ہے… آخر میں جواب تو دینا ہی پڑے گا۔

وزیراعظم نے فلسطین کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطین کو انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلسطینی میڈیکل طلبا کو پاکستان میں داخلہ دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیم مکمل کر سکیں۔

وزیر اعظم شہباز نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

Read Comments