وفاقی حکومت نے طویل مدتی سرمایہ کاری کے کاغذات کی فروخت کے ذریعے 140 ارب روپے جمع کیے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے 31 جولائی 2024 کو پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) کی فروخت کے لیے نیلامی کی اور 3 سالہ، 5 سالہ اور 10 سالہ بانڈز کی فروخت کے لیے 360.1 ارب روپے کی بولیاں وصول کیں۔
مجموعی بولیوں میں سے وفاقی حکومت نے 3 سالہ اور 5 سالہ بانڈز کی فروخت کے ذریعے 140.686 ارب روپے قرض لیا جبکہ اس نیلامی کے لیے 125 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
قرضے کی رقم میں 132.4 ارب روپے مسابقتی اور 8.28 ارب روپے کی غیر مسابقتی بولیاں شامل ہیں۔ جبکہ 10 سالہ پی آئی بی کے لئے تمام بولیاں مسترد کردی گئیں۔
اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے پیر کے روز کلیدی پالیسی ریٹ میں 100 بی پی ایس کی کمی کی تھی، بدھ کو ہونے والی نیلامی میں پی آئی بیز کا کٹ آف منافع 15 سے 36 بی پی ایس تک گر گیا تھا۔
3 سالہ پی آئی بیز کی فروخت کی مد میں 107 ارب روپے کا قرض لیا گیا اور اس کا کٹ آف منافع 36 بی پی ایس کم ہو کر 16.2450 فیصد رہ گیا۔ 5 سالہ طویل مدتی بانڈز کا کٹ آف منافع 15 بی پی ایس کم ہو کر 15.2950 رہ گیا اور 33 ارب روپے کی رقم جمع کی گئی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024