جولائی میں ایف بی آر کی وصولیاں 659 ارب، ہدف سے 3 ارب روپے زائد رہیں

01 اگست 2024

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی 2024 میں 656 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 659 ارب روپے سے زائد کی وصولی کی ہے جو 3 ارب روپے کے اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ (25-2024) کے لیے محصولات کی وصولی کا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا ہے۔

ایف بی آر نے جولائی 2024 میں 659 ارب روپے سے زائد جمع کیے ہیں جبکہ جولائی 2023 میں 542 ارب روپے جمع کیے گئے تھے جو 117 ارب روپے کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 کے دوران انکم ٹیکس وصولی 300.2 ارب روپے رہی۔ اس دوران سیلز ٹیکس کی وصولی 307.9 ارب روپے رہی۔ جولائی 2024ء کے دوران کسٹم ڈیوٹی کی وصولی 91.7 ارب روپے رہی جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی وصولی 37.4 ارب روپے رہی۔

جولائی 2024 میں مجموعی ٹیکس وصولی 737.2 ارب روپے رہی۔ 77.9 ارب روپے کے ریفنڈز کی ادائیگی کے بعد اس عرصے کے دوران خالص ٹیکس وصولی 659.2 ارب روپے رہی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments