پاکستان ہوٹلز ڈویلپرز لمیٹڈ (پی ایچ ڈی ایل) نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) ٹرسٹ کو ملک کے کمرشل حب یعنی کراچی میں واقع فور اسٹار ہوٹل ریجنٹ پلازہ کی پراپرٹی کے مالکانہ حقوق اور ٹائٹل منتقل کردیا ہے۔
پی ایچ ڈی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں بتایا کہ ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ نے 30 جولائی 2024 (منگل) کو پراپرٹی کی فروخت کی قیمت کی بقیہ 10 فیصد 5.2 ملین ڈالر کی ادائیگی کردی جس کے بعد یہ پیشرفت عمل میں آئی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ہمیں آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کمپنی کی جائیداد کی فروخت کے معاہدے کو جاری رکھتے ہوئے ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ نے 30 جولائی 2024 کو پراپرٹی کی فروخت کی بقیہ 10 فیصد رقم کمپنی کو ادا کردی تھی اور بقیہ رقم ملنے پر کمپنی نے جائیداد کا ٹائٹل ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کے حق میں منتقل کردیا ہے۔
01 جولائی 2024 کو پراپرٹی کا قبضہ پہلے ہی ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کو منتقل کردیا گیا تھا جب ٹرسٹ نے جائیداد کی فروخت کی قیمت کی 90 فیصد ادائیگی کی تھی جو 46.8 ملین ڈالر بنتی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اس اعلان کے ذریعے اس بات کی تصدیق کر رہی ہے کہ پراپرٹی کی فروخت سے حاصل ہونے والی تمام رقم کمپنی کو مل گئی ہے جس کے بعد جائیداد کے مالکانہ حقوق اور قبضہ ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کو منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس آئی یو ٹی پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے معروف اداروں میں سے ایک ہے جو یورولوجی، نیفرولوجی اور ٹرانسپلانٹ سرجری سمیت متعدد خدمات فراہم کرتا ہے اور تحقیق اور تعلیم پر بھی بہترین توجہ دیتا ہے۔
گزشتہ سال اکتوبر میں ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ نے کراچی کے ریجنٹ پلازہ کو 14.5 ارب روپے (تقریبا 52 ملین ڈالر) میں خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔
اس اعلان کے بعد پی ایچ ڈی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نومبر میں ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کو ریجنٹ پلازہ کی فروخت کو حتمی شکل دینے کے لئے دو ایگزیکٹوز کو نامزد کیا تھا۔