اپریل تا جون یو بی ایل کا منافع 15.3 ارب روپے رہا

ملک کے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) نے 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران...
31 جولائ 2024

ملک کے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) نے 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران 15.27 ارب روپے کی مجموعی آمدنی حاصل کی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 13.05 ارب روپے کے بعد از ٹیکس منافع کے مقابلے میں تقریبا 17 فیصد زیادہ ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں فی حصص آمدنی 12.10 روپے رہی جو مالی سال 2023 کی دوسری سہ ماہی میں 10.39 روپے تھی۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی ششماہی کے لیے 11 روپے فی حصص یعنی 110 فیصد پر عبوری نقد منافع کا بھی اعلان کیا۔ یہ 11 روپے فی حصص یعنی 110 فیصد پر پہلے سے ادا کیے جانے والے عبوری منافع کے علاوہ ہے۔

منافع زیادہ خالص سود کی آمدنی اور پروویژننگ ریورسل کی وجہ سے آیا ہے۔

اس عرصے کے دوران یو بی ایل کا مارک اپ/ریٹرن 2024 کی دوسری سہ ماہی میں 103.25 ارب روپے سے بڑھ کر 281.5 ارب روپے ہو گیا جو تقریبا 173 فیصد کا بڑا اضافہ ہے۔

تاہم زیادہ مارک اپ کے باوجود بینک کا خالص مارک اپ/ریٹرن 22 فیصد کم ہوکر 29.17 ارب روپے رہ گیا جو مالی سال 2023 کی دوسری سہ ماہی میں 37.4 ارب روپے تھا۔ خالص مارک اپ میں کمی کی وجہ تین ماہ کے دوران سود کے اخراجات میں 283 فیصد اضافہ ہے۔

سہ ماہی کے دوران یو بی ایل کی جانب سے حاصل کی گئی فیس اور کمیشن آمدنی 5.6 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 4.9 ارب روپے کے مقابلے میں تقریبا 13 فیصد زیادہ ہے۔

یو بی ایل کی زرمبادلہ آمدنی میں بھی 44 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2023 کی دوسری سہ ماہی میں 2.6 ارب روپے سے بڑھ کر 2024 کی دوسری سہ ماہی میں 3.8 ارب روپے ہو گیا۔

دوسری جانب بینک نے مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں سیکیورٹیز پر 5.36 ارب روپے کا بڑا فائدہ اٹھایا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 85 کروڑ 77 لاکھ روپے کا نقصان ہوا تھا۔

تاہم اس عرصے کے دوران یو بی ایل کی دیگر آمدنی 310.7 ملین روپے رہی جو سالانہ45 فیصد کم ہے۔

اس عرصے کے دوران بینک کی غیر سود آمدنی میں سالانہ 157 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 19.3 ارب روپے رہی۔

مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں یو بی ایل کے آپریٹنگ اخراجات 17 فیصد اضافے کے ساتھ 19.75 ارب روپے رہے جو گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 16.9 ارب روپے تھے۔

نتیجتا مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں بینک کا قبل از ٹیکس منافع 29.05 ارب روپے رہا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 26.9 ارب روپے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔

Read Comments