شرح سود میں معمولی کمی سے تاجر عدم مطمئن، اسٹاک ایکسچینج میں مندی

30 جولائ 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے روز مندی کا رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 0.25 فیصد کی کمی دیکھی گئی جبکہ سرمایہ کار نئی پوزیشنز حاصل کرنے کے لئے مثبت پیش رفت کے منتظر تھے کیوں کہ مانیٹری پالیسی کے اعلان کو بڑے پیمانے پر کیپٹل مارکیٹ کے لئے غیر جانبدار کے طور پر دیکھا گیا تھا۔

کاروباری سیشن کے بیشتر حصے میں انڈیکس محدود طور پر اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔

کاوربار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 198.94 پوائنٹس یا 0.25 فیصد کی کمی سے 78,628.81 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کیپٹل اسٹیک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سرمایہ کار پالیسی ریٹ میں 100 بیسس کی کمی سے متاثر نہیں ہوئے کیوں کہ انہوں نے نمایاں کمی کی توقع کی تھی۔

دریں اثنا پاکستان کی وزارت خزانہ نے منگل کے روز جاری کردہ اپنے ماہانہ اقتصادی آؤٹ لک رپورٹ میں جولائی میں افراط زر کی شرح 12 سے 13 فیصد کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جو اگست میں مزید کم ہو کر 11.0 سے 12.0 فیصد کے درمیان رہے گی۔

کم افراط زر سے مالیاتی نرمی کی رفتار جاری رہنے کا امکان ہے۔

عالمی سطح پر ایشیائی منڈیوں میں منگل کو کمی ہوئی کیونکہ سرمایہ کاروں نے مرکزی بینک کے متعدد فیصلوں، اہم اقتصادی اعداد و شمار اور اس ہفتے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے آمدن سے قبل محتاط رہے۔

اگرچہ گزشتہ ہفتے امریکی افراط زر کی رپورٹ نے اس امید کو مزید تقویت دی کہ فیڈرل ریزرو اس سال کم از کم ایک بار شرح سود میں کمی کرے گا لیکن پیر کی تیزی کے بعد تاجر زیادہ محتاط ہوگئے۔

توقع کی جارہی ہے کہ امریکی مرکزی بینک بدھ کو مانیٹری پالیسی پر برقرار رہے گا لیکن میٹنگ کے بعد اس کے بیان کو اس امید میں رد کردیا جائے گا کہ اس سے ستمبر میں قرض لینے کی لاگت میں کمی آئے گی۔

دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.06 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر روپیہ 16 پیسے گراوٹ کے بعد 278 روپے 66 پیسے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن قبل کے 371.09 ملین سے کم ہو کر 313.08 ملین رہ گیا۔

حصص کی قیمت گزشتہ سیشن کے 19.15 ارب روپے سے کم ہو کر 17.61 ارب روپے رہ گئی۔

آرگینک میٹ 24.83 ملین حصص کے ساتھ حجم میں سب سے آگے رہا۔ اس کے بعد سیرل کمپنی 24.06 ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور فوجی سیمنٹ 15.82 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

منگل کو 447 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 152 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 239 میں کمی جبکہ 56 میں استحکام رہا۔

Read Comments