آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) سے حکومت سے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے معاہدوں کی تفصیلات مانگ لیں۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ موجودہ معاہدوں پر دوبارہ بات چیت کرے تاکہ سستی بجلی کے ذرائع کی جانب منتقل ہوا جائے۔
اپٹما نے سیکریٹری پاور راشد لنگڑیال، چیئرمین ایس ای سی پی محمود مانڈوی والا، ایم ڈی پرائیویٹ پاور اینڈ انفرااسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) شاہ جہاں مرزا، چیف ایگزیکٹو آفیسر سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹیڈ (سی پی پی اے-جی) کو بھی خط لکھ کر آئی پی پیز کے مالکان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی درخواست کی ہے۔
سیکرٹری جنرل اپٹما نے چیئرمین ایس ای سی پی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ تمام آئی پی پیز کی متعلقہ کمرشل آپریشنز کی تاریخ سے لے کر موجودہ تاریخ تک کی مالی معلومات خصوصی طور پر شیئر کی جائیں۔(i) کمرشل آپریشن کی تاریخ سے لے کر موجودہ تاریخ تک آڈٹ شدہ مالی بیانات (بشمول بیلنس شیٹ، انکم اسٹیٹمنٹ، کیش فلو اسٹیٹمنٹ، اور مالی گوشواروں کے نوٹ)؛(ii) کسی بھی متعلقہ انتظامی رپورٹ اور آڈیٹر کی رپورٹ؛ اور(iii) اس مدت کے دوران ایس ای سی پی کے پاس جمع کرائے گئے دیگر مالی انکشافات یا بیانات بھی شیئر کئے جائیں ۔
چیئرمین اپٹما آصف انعام نے کہا کہ پاکستان کی پیداواری صلاحیت 40 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ طلب اور ٹرانسمیشن کی صلاحیت صرف 25 ہزار میگاواٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تضاد کی وجہ سے پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے باوجود، حکومت 40 آئی پی پی کمپنیوں کو سالانہ 2 ٹریلین روپے کی ادائیگی کرنے کی پابند ہے، یہ ایک ایسا بوجھ ہے جس سے معاشی سرگرمیاں شدید متاثر ہوتی ہیں کیونکہ یہ ادائیگیاں اس وقت بھی کی جاتی ہیں جب بجلی پیدا یا فراہم نہیں کی جاتی ہے.
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی نرخوں میں اضافے نے صنعتی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد صنعتیں بند اور بڑے پیمانے پر ملازمتوں کا نقصان ہوا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ واضح ہے کہ کل لاگت کا دو تہائی حصہ گنجائش چارجز پر مشتمل ہے جب کہ باقی ایک تہائی ایندھن کی لاگت سے منسوب ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ آئی پی پیز ڈالر کے لحاظ سے 73 فیصد سے زیادہ منافع حاصل کررہے ہیں جو بین الاقوامی معیار کے مقابلے میں غیر معمولی طور پر زیادہ ہے۔ 1994 کی پاور پالیسی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ان مشکل معاہدوں کی وجہ سے گردشی قرضوں میں اضافہ ہوا ہے، جو فروری 2024 میں 2.64 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا۔ ہے ۔
اپٹما نے نشاندہی کی کہ ڈالر کے مقابلے گارنٹی کا مطلب یہ ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی سے آئی پی پیز کے منافع میں اضافہ ہوتا ہے جس سے حکومت اور عوام پر مزید مالی دباؤ پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے لئے ایکوٹی پر ابتدائی منافع 18 فیصد مقرر کیا گیا تھا اور بعد میں 2002 کی پاور پالیسی میں اسے کم کرکے 12 فیصد کردیا گیا جو عالمی معیارکے مقابلے میں زیادہ ہے۔ دوسرے ممالک میں اسی طرح کے منصوبوں کے ساتھ موازنہ کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ بہت سے آئی پی پیز کو کیپٹل گڈز پر انوائسنگ کے ذریعے مالی اعانت فراہم کی گئی تھی جس کی وجہ سے گھوسٹ ایکوٹی پرمنافع حاصل ہوا تھا۔
چیئرمین اپٹما نے کہا کہ پاکستان میں کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کا ٹیرف 9 سینٹ ہے جو بنگلہ دیش میں اسی طرح کے پلانٹس کے 5.6 سینٹ سے کافی زیادہ ہے۔مالی سال 25 میں بجلی کی خریداری کی قیمت میں درآمد شدہ کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کی گنجائش سب سے زیادہ 60.48 روپے فی کلو واٹ ہے جبکہ تھرمل جنریشن میں یہ 26.01 روپے فی کلو واٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کی جانب سے غلط رپورٹنگ اور اوور بلنگ عام بات ہے کیونکہ بین الاقوامی قوانین کے تحت ٹیک یا پے کنٹریکٹ کے تحت ٹیرف کی ضمانت دی جاتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تیل پر مبنی متعدد پلانٹس کی اصل تیل کی کھپت بل سے کم ہے اور تضادات کو آڈٹ کرنے کی کوششوں کو اکثر قانونی طریقوں سے روکا جاتا ہے۔آپریشن اور دیکھ بھال کے اخراجات کو بھی بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے ۔
آصف انعام نے متنبہ کیا کہ بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے سے کاروباری برادری میں بے چینی اور عدم اطمینان پیدا ہونے کا خطرہ ہے اور آئی پی پی معاہدوں کا جامع جائزہ، قانونی حدود کے اندر قیمتوں کا ازسرنو جائزہ اور اوور انوائسنگ کو روکنے کے لئے بہتر نگرانی ضروری ہے تاکہ مکمل معاشی تباہی، افراتفری اور انتشار کو روکا جاسکے۔
غلط معلومات اور دھوکہ دہی سے متعلق شقوں کے لئے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی جانچ پڑتال کرنا اہم ہے۔ وفاقی حکومت آئی پی پیز کے مسائل کو حل کرنے اور قومی مفاد میں صنعت کے لئے سستی بجلی کی قیمتوں کو یقینی بنانے کے لئے ایک حکمت عملی تیار کرے ۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024