مانیٹری پالیسی کے اعلان کے پیش نظر اسٹاک ایکسچینج میں 798 پوائنٹس کا اضافہ

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کے روز تیزی کا رجحان دیکھا گیا، مانیٹری پالیسی کے اعلان کے پیش نظر اس کے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریبا 800 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

پالیسی ریٹ میں کٹوتی کی توقع کے ساتھ سیشن کے آغاز سے ہی تیزی نے مارکیٹ میں اپنی گرفت برقرار رکھی۔

اختتام پر بنچ مارک انڈیکس 798.23 پوائنٹس یا 1.02 فیصد اضافے کے ساتھ 78,827.74 پر بند ہوا۔

توقعات کے عین مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے بنیادی پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کردی ہے جس کے بعد شرح سود 19.5 فیصد ہوگئی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نوٹ کیا ہے کہ مہنگائی میں کمی کا رجحان ہے۔

بروکریج ہاؤس اسماعیل اقبال سیکیورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا ہے کہ پیر کے روز ایکویٹی مارکیٹ کا اختتام مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، پالیسی ریٹ کی توقعات اور فچ ریٹنگ کی جانب سے پاکستان کی طویل مدتی فارن کرنسی جاری کنندہ ڈیفالٹ ریٹنگ کو ’سی سی سی‘ سے ’سی سی سی پلس‘ میں اپ گریڈ کرنے کا انتہائی مثبت اثر ہوا۔

فچ نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا، “یہ اپ گریڈ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے عملے کی سطح کے معاہدے (ایس ایل اے) کے تناظر میں بیرونی فنڈز کی مسلسل دستیابی پر زیادہ یقین کی عکاسی کرتا ہے۔

دریں اثنا منوفیکچرر ویوز ہوم اپلائنسز لمیٹڈ (ویوز ایپ) کو ایک عالمی ایپلائنسز کمپنی کی جانب سے اسٹریٹجک الائنس/جے وی (جوائنٹ وینچر) کی تجویز موصول ہوئی ہے۔

فہرست میں شامل کمپنی، جو سابقہ سمین ٹیکسٹائل لمیٹڈ تھی، نے پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔ تاہم ویوز نے اس غیر ملکی کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ملک کے معاشی حالات میں بہتری کے بعد کمپنی کو ایک غیر ملکی عالمی کمپنی سے اسٹریٹجک الائنس/ جے وی کی پیشکش ملی ہے۔

اسی طرح تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی پاکستان آئل فیلڈز لمٹیڈ (پی او ایل) نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کھدائی کے دوران تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں۔ یہ ذخائر رزگیر ون ایکسپلوریٹری میں دریافت ہوئے ہیں۔

فہرست میں شامل کمپنی، جو اٹک آئل کمپنی لمیٹڈ، برطانیہ کا ماتحت ادارہ ہے اور اس کی پیرنٹ کمپنی کورل ہولڈنگ کمپنی ہے۔ پی او ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ڈرلنگ 9 جنوری 2024 کو شروع ہوئی اور 3950 میٹر کی گہرائی تک ڈرلنگ کی گئی ہے۔

مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شعبوں میں بینک، ای اینڈ پیز، فرٹیلائزر، سیمنٹ، فارما، آٹو اور ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

عالمی سطح پر پیر کے روز ایشیائی حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن قبل کے 278.33 ملین سے بڑھ کر 371.09 ملین ہو گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 11.62 ارب روپے سے بڑھ کر 19.16 ارب روپے ہوگئی۔

ویوز ہوم ایپ 27.93 ملین شیئرز کے ساتھ سب سے آگے رہی، اس کے بعد الشاہیر کارپوریشن 15.55 ملین شیئرز اور دیوان موٹرز 14.27 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

پیر کو 437 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 252 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 129 میں کمی جبکہ 56 میں استحکام رہا۔

Read Comments