پاکستانی مینوفیکچرر ویوز ہوم اپلائنسز لمیٹڈ (ویوز ایپ) کو ایک عالمی ایپلائنسز کمپنی کی جانب سے اسٹریٹجک الائنس/جے وی (جوائنٹ وینچر) کی تجویز موصول ہوئی ہے۔
فہرست میں شامل کمپنی، جو سابقہ سمین ٹیکسٹائل لمیٹڈ تھی، نے پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔ تاہم ویوز نے اس غیر ملکی کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ملک کے معاشی حالات میں بہتری کے بعد کمپنی کو ایک غیر ملکی عالمی کمپنی سے اسٹریٹجک الائنس/ جے وی کی پیشکش ملی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ اس نے ایک جامع کاروباری ماڈل تیار کرنے کے لئے بات چیت شروع کی ہے جس میں دیگر چیزوں کے علاوہ تکنیکی معلومات کی فراہمی ، انجینئرنگ اہلکاروں کی فراہمی ، مقامی اور برآمدی مارکیٹوں میں کمپنی کی طرف سے اپنے برانڈ کے نام کا استعمال ، مینجمنٹ شیئرنگ ڈھانچہ اور سرمایہ کاری کی رقم شامل ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ ان مذاکرات کو حتمی شکل دینے کیلئے باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
ویوز ایپ نے کہا کہ اس اتحاد سے کمپنی کو بنیادی فوائد جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور معلومات تک رسائی حاصل ہوگی تاکہ اس کی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے، پیداواری لاگت میں کمی کی جاسکے، اور تکنیکی اور آپریشنل بہترین طریقوں کو نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ سستے سامان کی خریداری کی صلاحیت بھی شامل ہے۔
اس سے کمپنی کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں مسابقتی برتری حاصل ہوگی۔
دریں اثنا، غیر ملکی پارٹنر کو ”پاکستان سے سستی لیبر اور فریٹ لاگت کی بچت سے فائدہ ہوگا، جس سے مشرق وسطی، افریقی اور یورپی مارکیٹوں میں مسابقتی برتری حاصل ہوگی“۔
کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت 27 نومبر 1989 کو پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر پاکستان میں قائم کیا گیا۔ ویوز ایپ کے کاروبار کی بنیادی لائن میں ڈیزائننگ ، مینوفیکچرنگ ، پروسیسنگ ، اسمبلنگ ، ڈسٹری بیوشن ، ٹریڈنگ ، مرمت ، ری کنڈیشننگ ، درآمد ، برآمد ، خریداری ، یا ہر قسم کے گھریلو صارفین کے آلات اور دیگر ہلکی انجینئرنگ مصنوعات کا لین دین شامل ہے۔