اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب رؤف حسن کو منگل کو عدالت کی جانب سے منظور کیے گئے دو روزہ ریمانڈ کی تکمیل کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا ۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مبینہ طور پر ریاست مخالف پروپیگنڈے کے لیے استعمال ہونے والے آلات کی برآمدگی کے لیے رؤف حسن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
یاد رہے کہ رؤف حسن کو پیر کو گرفتار کیا گیا تھا جسے پی ٹی آئی نے اپنے پبلک سیکرٹریٹ پر کریک ڈاؤن کہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ اسلام آباد پولیس ملک کے قانون کا مذاق اڑا رہی ہے اور اسے نظر انداز کررہی ہے۔ گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی نے ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ پاکستان پر جنگل کا قانون راج کررہا ہے۔
عمران خان کے وکیل علی اعجاز بٹر کے مطابق 300 سے 400 پولیس اہلکار پارٹی آفس پہنچے اور رؤف حسن کو گرفتار کیا۔