سری لنکا کے رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ویمنز ٹی 20 ایشیاکپ کے میچ میں پاکستان نے اپنی سلامی بیٹر گل فیروزہ کی مسلسل دوسری نصف سنچری کی بدولت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی۔
افتتاحی میچ میں بھارت کےخلاف شرمناک شکست کے بعد ٹورنامنٹ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری جیت ہے۔ پاکستان نے جمعے کو نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
دو بڑی کامیابیوں نے گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کو نمایاں طور پر بہتر کر دیا ہے۔
پہلے فیلڈنگ کرنے کا انتخاب کرتے ہوئے پاکستان نے ابتدا میں ہی دباؤ میں لینے کے بعد اماراتی ٹیم کو 8 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز تک محدود رکھا۔
جواب میں گرن شرٹس نے کسی بھی نقصان کے بغیر ہدف 14.1 اوورز میں مکمل کرلیا۔
گرین شرٹس کی اوپنر گل فیروزہ اور منیبہ علی نے نیپال کے بعد یو اے ای کے خلاف اپنے آخری گروپ میچ میں اپنی اچھی فارم برقرا رکھی۔
دونوں نے 107 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم کی جو پچھلے میچ میں 105 رنز بنانے کے بعد اس جوڑی کے درمیان 100 رنز کی مسلسل دوسری پارٹنر شپ ہے۔
فیروزہ گل نے 46 گیندوں پر مسلسل دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے کیریئر بیسٹ ناقابل شکست 62 رنز بنائے۔ ان کی گزشتہ 55 گیندوں کی اننگز میں بھی 8 چوکے شامل تھے۔ ان کی اوپننگ پارٹنر منیبہ نے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 37 رنز بنائے۔ انہوں نے 4 باؤنڈریز لگائیں۔
متحدہ عرب امارات کی خواتین کی بیٹنگ لائن اپ کو پاکستان ویمنز باؤلنگ اٹیک کے خلاف سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔ تھیرتھا ستیش نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے جبکہ ایشا اوزا نے 16 رنز بنائے۔ خوشی شرما صرف 12 رنز بنا سکیں اماراتی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مومینٹم حاصل کرنے میں شدید دشواریوں کا سامنا رہا۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال، ناصرہ سندھو اور طوبہ حسن نے بالترتیب 11، 22 اور 17 رنز کے عوض دو دو وکٹیں حاصل کیں۔