اسٹاک ایکسچینج ، انڈیکس 1578 پوائنٹس کم، 79ہزار کی سطح کھودی

  • دو نفسیاتی حدیں گرگئیں ، کے ایس ای 100 انڈیکس 78,539 پوائنٹس کی سطح پر آگیا
اپ ڈیٹ 22 جولائ 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کو کاروباری سیشن کے دوران فروخت کا دباؤ برقرار رہا اور ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث تقریبا 2 فیصد کمی کے بعد بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 79 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے گر گیا۔

اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1578.70 پوائنٹس یا 1.97 فیصد کی کمی سے 78539.19 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بنچ مارک انڈیکس 78,404.76 کی کم ترین سطح پر پہنچنے کے بعد کوئی بحالی نہیں ہوئی ، یاد رہے کہ جمعہ کو بھی بڑے پیمانے پر گراوٹ کے بعد کے ایس ای -100 میں 2 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی تھی۔

آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا رجحان دیکھا جارہا ہے

او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی ایس او، شیل، ایس ایس جی سی، ایچ بی ایل، ایم سی بی اور این بی پی کے حصص منفی زون میں دیکھے جارہے ہیں ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منفی تاثر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔

تاہم، بہت سے لوگوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ اس میں اصلاح طویل عرصے سے ضروری تھی کیونکہ کے ایس ای -100 انڈیکس میں اس وقت سے تیزی ہے، جب سے بجٹ میں کیپٹل مارکیٹ پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔

سرمایہ کار اب سیاسی محاذ پر ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھیں گے لیکن کچھ توجہ آئندہ مانیٹری پالیسی کے اعلان کی طرف بھی مبذول ہوگی جو مبینہ طور پر 29 جولائی (پیر) کو سامنے آئیگی ۔ اس رپورٹ کو حتمی شکل دیے جانے تک مرکزی بینک کی جانب سے ابھی تک باضابطہ شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے۔

عالمی سطح پر ایشیائی حصص نے کارپوریٹ آمدنی کے بھرے ہفتے سے قبل پیر کو محتاط انداز میں کام کیا جس میں ٹیک اسٹاک کی بلند ترین ویلیو ایشن کا امتحان لیا جائے گا جبکہ سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ امریکی افراط زر میں اہم اضافے سے ستمبر کی شرح سود میں کمی کے امکانات کم ہوجائیں گے۔

سرمایہ کار امریکی صدر جو بائیڈن کے انتخابی دوڑ سے دستبردار ہونے اور ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ کے لیے نائب صدر کملا ہیرس کی حمایت کرنے کی خبروں کے لیے اچھی طرح تیار دکھائی دے رہے تھے۔

ایس اینڈ پی 500 اسٹاک فیوچرز میں 0.3 فیصد جبکہ نیسڈیک فیوچرز میں 0.5 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 10 سالہ خزانے کے فیوچرز میں 3 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 10 سالہ بانڈز کے منافع میں 2 بیسس پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی اور یہ 4.22 فیصد رہا۔

جاپان سے باہر ایشیا پیسیفک کے حصص کے ایم ایس سی آئی کے وسیع ترین انڈیکس میں 0.2 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جو گزشتہ ہفتے 3 فیصد گر گیا تھا۔ جاپان کا نکی انڈیکس 0.6 فیصد اور جنوبی کوریا کا بینچ مارک انڈیکس 0.4 فیصد گر گیا۔

Read Comments