وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی صنعتوں کو پاکستان منتقل کرنے سے معیشت میں بہتری آئے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
وہ آج اسلام آباد میں اپنے دورہ چین کے دوران ہونے والے معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ چند ہفتے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے حوالے سے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان جوائنٹ وینچر منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ہفتے کے اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چین کے ساتھ مفاہمت کی یاد داشتوں پر عمل درآمد میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں اس کی مدد کی ہے اور چینی قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔
اس موقع پر چینی صنعتوں کی پاکستان میں منتقلی کے لیے جامع روڈ میپ پیش کیا گیا جس کے تحت چین کی ٹیکسٹائل، پلاسٹک، لیدر میڈیکل اور سرجیکل آلات کی صنعتوں کو پاکستان منتقل کرنے کے لیے چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری پر دستخط کیے جائیں گے۔
سرمایہ کاری بورڈ نے اس مقصد کے لئے چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے 78 پاکستانی کمپنیوں کی دلچسپی کے بارے میں پیش رفت رپورٹ پیش کی۔
وزیراعظم نے اس سلسلے میں سرمایہ کاری بورڈ کے اقدامات اور سفارشات کو سراہا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے لئے پاکستانی کمپنیوں کو مکمل سہولت فراہم کریں۔