انٹرنیشنل انڈسٹریز لمیٹڈ (آئی این آئی ایل) سے وابستہ کمپنی چنائے انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن (پرائیوٹ) لمیٹڈ (سی ای سی ایل) نے ریکوڈک کاپر گولڈ مائنز بلوچستان میں پرمیننٹ اکومیڈیشن کیمپ تعمیر کرنے کا معاہدہ حاصل کرلیا ہے۔
آئی این آئی ایل نے جمعہ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ ایک ایسوسی ایٹ کمپنی سی ای سی ایل نے انٹرنیشنل انڈسٹریز لمیٹڈ (آئی آئی ایل) سے 10 روپے کے 4,845,000 عام حصص کی ایکویٹی سرمایہ کاری طلب کی ہے جو مجموعی طور پر 48,450,000 روپے بنتی ہے جو اس کے اجراء کے بعد ادا شدہ سرمائے کا 17 فیصد ہے۔
اس کے علاوہ سی ای سی ایل نے ضرورت پڑنے پر کراچی انٹر بینک آفر ریٹ کے 3 فیصد شرح سود پر ایچ بی ایل کو گارنٹی دینے کی صورت 300 ملین کا قلیل مدتی قرض بھی طلب کیا ہے تاکہ ڈیڑھ ارب تک کی فنانسنگ حاصل ہوسکے یا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے گارنٹی جاری کی جا سکے کہ سی ای سی ایل متعلقہ کمپنیوں انٹرنیشنل اسٹیلز لمیٹڈ اور پاکستان کیبلز لمیٹڈ کے ساتھ اپنی مشترکہ کاروباری ذمہ داریوں/ادائیگیوں کے ساتھ ریکوڈک مائننگ کمپنی لمیٹڈ (آر ڈی ایم سی) سے کیے گئے اپنی معاہدوں کی ذمہ داریاں پوری کرے۔
آئی این آئی ایل نے بتایا کہ سی ای سی ایل ، جو تعمیراتی منصوبوں میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کے لئے قائم کی گئی تھی، نے ریکوڈک کاپر گولڈ مائنز بلوچستان میں پرمیننٹ اکومیڈیشن کیمپ کے ڈیزائن اور تعمیر کیلئے آر ڈی ایم سی کے ساتھ کامیابی سے معاہدہ کیا ہے۔
ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع کان کنی کا ایک اہم منصوبہ ہے۔
یہ منصوبہ کینیڈین کان کنی کمپنی بیرک گولڈ کے تانبے کے پورٹ فولیو کا اسٹریٹجک حصہ ہے اور دنیا کے سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے سونے کے منصوبوں میں سے ایک کی نمائندگی کرتا ہے۔
ریکوڈک منصوبے میں 50 فیصد شیئرز بیرک کے پاس ہیں جبکہ تین وفاقی اداروں اور بلوچستان کے پاس 25 ،25 فیصد شیئرز ہیں۔
دریں اثنا آئی این آئی ایل نے اپنے بیان میں بتایا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سمجھتے ہیں کہ اس سرمایہ کاری سے کمپنی کے شیئر ہولڈرز کی قدر میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے سی ای سی ایل میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کرنے کی سفارش کی اور خصوصی قراردادوں کے ذریعے سرمایہ کاری کی منظوری کے لئے کمپنی کے شیئر ہولڈرز کا غیر معمولی جنرل اجلاس (ای او جی ایم) طلب کیا ہے۔