سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے سسٹمز سے 40 ارب روپے مالیت کی گیس چوری کا انکشاف ہوا ہے ۔
یہ انکشاف ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) گیس پٹرولیم ڈویژن نے قائمہ کمیٹی برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کے اجلاس میں کیا۔
اجلاس کی صدارت سید مصطفی محمود نے کی جس میں وفاقی وزیر برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کے علاوہ قائمہ کمیٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
ڈی جی گیس نے کہا کہ سوئی سدرن میں 25 ارب روپے سے زیادہ گیس چوری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ 2 کھرب روپے تک پہنچ گیا ہے اور صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے کیونکہ پاور سیکٹر بجلی کی پیداوار کے لئے مہنگی آر ایل این جی گیس نہیں اٹھا رہا ہے۔
سیکرٹری وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) نے وزارت اور اس سے منسلک محکموں کے افعال کا جامع جائزہ پیش کیا ۔ بحث کے دوران وزارت کی پوری کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جس میں اہم مسائل اور ممکنہ حل پر زور دیا گیا۔
وزارت نے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اور نئے اقدامات پر روشنی ڈالی جس کا مقصد ملک بھر میں عوام کو خدمات کو بہتر بنانا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024