امریکہ کا طالبان سے دہشت گرد حملوں کیلئے افغان سرزمین کا استعمال روکنے کا مطالبہ

17 جولائ 2024

خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد امریکہ نے طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ افغان سرزمین سے دہشت گرد حملے نہ ہوں۔

منگل کو پریس بریفنگ کے دوران، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گرد حملے پر واشنگٹن کے ردعمل کے بارے میں پوچھا گیا جس میں سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکاروں سمیت سات افراد شہید ہوگئے تھے ، جن میں بچے بھی شامل تھے۔

میتھیوملر نے جواب دیا’’میں پہلے یہ کہوں گا کہ یقیناً پاکستانی عوام نے پرتشدد انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔ ہم پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کے ساتھ علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ مفاد رکھتے ہیں‘’ ۔

“ہم طالبان پر زور دیتے رہتے ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ دہشت گرد حملے افغان سرزمین سے نہ ہوں۔ یہ ان کے ساتھ بات چیت میں ہمارے لیے ایک ترجیح رہی ہے، اور یہ جاری ہے۔

پاکستان میں گزشتہ سال دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق ملک میں 2024 کی دوسری سہ ماہی کے دوران، تشدد سے منسلک 380 ہلاکتیں ہوئی جبکہ 220 افراد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ منگل کو ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں ایک مرکز صحت پر دہشت گردوں کے حملے میں پانچ شہری اور دو فوجی شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کیخلاف موثر انداز میں کارروائی کی اور تین دہشت گردوں کو مار گرایا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

مزید برآں، آئی ایس پی آر نے کہا کہ پیر کی صبح، بنوں میں چھاؤنی کے علاقے میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا ، جس میں پاک فوج کے آٹھ جوان شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا جس کے نتیجے میں دہشت گرد دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرانے پر مجبور ہوگئے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ملحقہ بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ، جس کے نتیجے میں آٹھ فوجی شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کامزید کہنا تھاکہ دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی ہے، جو افغانستان سے کام کرتا ہے اور ماضی میں بھی پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے افغان حکومت کے سامنے مسلسل تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال کو روکا جائے اور ایسے عناصر کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔

Read Comments