ڈی آئی خان میں ہیلتھ سینٹر پر دہشتگردوں کا حملہ، 5 شہری ، 2 فوجی جوان شہید

16 جولائ 2024

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں 5 شہری اور 2 فوجی جوان شہید ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رورل ہیلتھ سینٹر کیری شاموزئی پر بزدلانہ حملہ کیا اور عملے پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز، 2 بچوں اور ایک چوکیدار سمیت 5 بے گناہ شہری شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز نے حملہ آوروں کیخلاف موثر انداز میں کارروائی کی اور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگایا۔

تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی محمد جاوید اقبال نے قربانی دی اور شہادت کو گلے لگایا۔شہید محمد فاروق کی کی عمر 44 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع نارووال سے تھا جبکہ شہید 23 سالہ محمد جاوید ضلع خانیوال کے رہائشی تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ معصوم شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے بزدل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ پیر کے روز بنوں میں چھاؤنی میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا تھا تاہم دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے 8 جوان شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بنوں چھاؤنی پر دہشت گرد حملہ حافظ گل بہادر گروپ نے کیا جو افغانستان سے کام کرتا ہے۔

Read Comments