بنوں کینٹ حملہ حافظ گل بہادر گروپ نے کیا جو افغانستان سے کام کرتا ہے، آئی ایس پی آر

  • پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح حملے میں 8 جوان شہید جبکہ 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے
16 جولائ 2024

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں میں دہشت گردوں کی جانب سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جس دوران پاک فوج کے 8 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا جس کے نتیجے میں دہشت گرد دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرانے پر مجبور ہوگئے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ملحقہ بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ، جس کے نتیجے میں آٹھ فوجی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے دہشت گردوں کا موثر انداز میں مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں تمام دس دہشت گرد مارے گئے جس سے ایک بڑی تباہی کو روکا گیا اور قیمتی معصوم جانیں بچ گئیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور بے لوث کارروائی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی ہے، جو افغانستان سے کام کرتا ہے اور ماضی میں بھی پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے افغان حکومت کے سامنے مسلسل تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال کو روکا جائے اور ایسے عناصر کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی اس لعنت کے خلاف مادر وطن اور اس کے عوام کا دفاع جاری رکھیں گی اور افغانستان سے پیدا ہونے والے ان خطرات کے خلاف تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گی۔

پیر کے روز یہ اطلاع ملی تھی کہ سیکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔

جنوبی بنوں ضلع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ضیاء الدین احمد نے بتایا کہ دہشت گردوں نے کینٹ پر صبح 4 بج کر 40 منٹ پر حملہ کیا جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں سات شہری زخمی ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے بنوں چھاؤنی کی دیوار کو کار بم حملے سے منہدم کرنے کے بعد گن شپ ہیلی کاپٹرز کو مدد کیلئے بلایا گیا تھا ۔

تاہم فوج کے میڈیا ونگ کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Read Comments