تیزی سے کام کرنے کا وقت آگیا ، وزیراعظم شہباز شریف

13 جولائ 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے (ایس ایل اے) کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ حکومت تیزی سے اور انتھک کام کرے۔

وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر پہنچنے پر اپنی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اسے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا آخری پروگرام بنانے کے لیے انتھک محنت کرنی ہوگی۔

ان کا یہ بیان آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے ساتھ 7 ارب ڈالر کے 37 ماہ کے قرض پروگرام کے لیے ایس ایل اے طے پانے کے بعد سامنے آیا ہے جس کا مقصد استحکام اور جامع ترقی کو مستحکم کرنا ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ نئی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) اس کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ترقیاتی اور دوطرفہ شراکت داروں سے ضروری مالی یقین دہانیوں کی بروقت تصدیق کی جائے گی ۔

اس میں پاکستان کے دیرینہ اتحادیوں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین سے قرضوں کی واپسی یا تقسیم شامل ہوگی۔

دریں اثناء وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وہ قوم کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستان جلد ترقی کرے گا۔

ٹیکس بیس کو وسیع کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ قومی اور عوامی مفاد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو آخری پائی جمع کرنے کے لئے جو کچھ بھی درکار ہے اس پر عمل کرنے کے لئے تیار ہیں۔

Read Comments