3 بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری،مالیاتی مشیر کا تقرر رواں سال ہوگا

13 جولائ 2024

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کو بتایا گیا کہ بجلی کی تین تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر کا تقرر رواں سال کیا جائے گا۔

یہ بات جمعہ کو سینیٹر محمد طلال بدر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی جس میں نجکاری پروگرام کے ساتھ ساتھ وزارت اور اس سے منسلک محکموں کی کارکردگی اور کام کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا، اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال بجلی کی تقسیم کار تین کمپنیوں کی نجکاری کے لئے مالیاتی مشیر کی تقرری کی جائے گی ۔ پانچ سال میں 9 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی۔

سیکرٹری وزارت نجکاری نے کمیٹی کو بتایا کہ مختلف وزارتوں میں نجکاری کیلئے نشاندہی کردہ کل 84 اداروں میں سے 24 اداروں کو نجکاری کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 24 اداروں میں سے 4 اداروں کی نجکاری بشمول پی آئی اے، روزویلٹ ہوٹل، ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (ایچ بی ایف سی ایل) اور فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری رواں مالی سال میں مکمل ہو جائے گی۔

قائمہ کمیٹی نے سرکاری اداروں کے خسارے پر تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کمیٹی کے کچھ ارکان نے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ منافع کمانے والے اداروں کی نجکاری کیوں کی جارہی ہے۔

کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ ان اداروں کا منافع سکڑ رہا ہے اور نجکاری کے بعد ان اداروں کے منافع میں اضافہ ہوگا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ فرسٹ ویمن بینک، ایچ بی ایف سی، پی آر سی ایل اور اسٹیٹ لائف منافع بخش کمپنیاں ہیں۔

سیکرٹری نجکاری وزارت نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ پی آئی اے، روزویلٹ ہوٹل، ہاؤس بلڈنگ اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری رواں مالی سال میں کی جائے گی۔ پی آئی اے کے واجبات 800 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں اور ہر سال حکومت قومی ائرلائن کو 100 سے 125 ارب روپے فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کے 260 ارب روپے پی آئی اے کے واجب الادا ہیں جن میں بینک آف پنجاب، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، حبیب بینک اور نیشنل بینک سمیت 9 بینکوں کا پیسہ شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کو پی ایس او کو 20 ارب روپے ادا کرنے ہیں اور سول ایوی ایشن کے زیر التوا واجبات 120 ارب روپے ہیں۔

کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت کا مقصد پی آئی اے کے لیے بولی دہندگان سے زیادہ سے زیادہ بولیاں حاصل کرنا ہے۔ پی آئی اے کے کل اثاثے 160 ارب روپے ہیں اور اس کی ذمہ داریاں اس کی نجکاری میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments