ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری

۔ انٹربینک مارکیٹ میں جمعے کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں0.08 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔...
اپ ڈیٹ 12 جولائ 2024

۔

انٹربینک مارکیٹ میں جمعے کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں0.08 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر 21 پیسے بڑھنے کے بعد روپیہ 278 روپے 40 پیسے پر بند ہوا۔

حالیہ ہفتوں میں ڈالر کے مقابلے ملکی کرنسی بڑی حد تک 277 سے 279 روپے کے آس پاس رہی ہے جس کی وجہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے طویل اور بڑے بیل آؤٹ پروگرام کو حاصل کے اپنے منصوبے پر آگے بڑھ رہا ہے۔

ایک اہم پیش رفت میں آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ وہ پالیسی اہداف اور اقدامات پر تبادلہ خیال جاری رکھے گا جو پاکستان کے لئے درمیانی مدت کے گھریلو اصلاحاتی پروگرام کی بنیاد بن سکتے ہیں جسے واشنگٹن میں واقع قرض دہندہ کے ساتھ توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) معاہدے کے تحت مدد مل سکتی ہے۔

دریں اثنا اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے زرمبادلہ ذخائر ہفتہ وار بنیادوں پر ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر اضافے سے 5 جولائی تک 9 ارب 40 کروڑ ڈالر تک جا پہنچے۔

عالمی سطح پر امریکی ڈالر104.47 پر دیکھا گیا جو جمعرات کو ایک ماہ کی کم ترین سطح 104.07 سے زیادہ دور نہیں ہے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جون کے دوران چار سال میں پہلی بار امریکی صارفین کی قیمتوں میں گراوٹ آئی ہے جس سے افراط زر میں کمی واقع ہوئی ہے اور فیڈرل ریزرو ستمبر میں شرح سود میں کمی کے اور قریب پہنچ گیا ہے۔

امریکی کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) میں گزشتہ ماہ 0.1 فیصد کی گراوٹ آئی جبکہ توقع تھی کہ اس میں 0.1 فیصد اضافہ ہوگا۔

Read Comments