مخصوص نشستیں: سپریم کورٹ مقدمے کا فیصلہ کل سنائے گی

  • چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ کل دوپہر 12 بجے فیصلہ سنائے گی
اپ ڈیٹ 11 جولائ 2024

سپریم کورٹ (ایس سی) خواتین اور اقلیتوں کے لئے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس پر کل (جمعہ کو) اپنا فیصلہ سنائے گی۔ یہ بات جمعرات کو جاری کاز لسٹ میں بتائی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے منگل کے روز اس مقدمے پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

تازہ ترین کاز لسٹ میں کہا گیا ہے کہ 13 رکنی فل کورٹ جمعہ کو دوپہر 12 بجے فیصلہ سنائے گی۔

اس سے قبل کاز لسٹ میں کہا گیا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان (سی جے پی) قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس نعیم اختر افغان اور عقیل احمد عباسی پر مشتمل تین رکنی بینچ صبح 9 بجے فیصلہ سنائے گا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سنی اتحاد کونسل اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواستوں پر سماعت کی۔

اس سے پہلے سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستیں مختص کرنے کے خلاف پشاورہائی کورٹ کے حکم کو معطل کردیا تھا۔

سنی اتحاد کونسل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کا نیا مسکن ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے 14 مارچ کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے ایس آئی سی کی طرف سے دائر درخواستوں کو مسترد کر دیا۔

پارٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتی نشستیں مختص نہ کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔

مخصوص نشستوں کا مسئلہ 8 فروری کے انتخابات میں 80 سے زیادہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کے کامیاب ہونے کے بعد ابھرا جنہوں نے بعد میں اقلیتوں اور خواتین کے لیے مخصوص نشستیں حاصل کرنے کیئلے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی۔

تاہم الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایس آئی سی مخصوص نشستوں کے لیے کوٹہ حاصل کرنے کی حقدار نہیں ہے کیونکہ اس میں انتہائی قانونی نقائص ہیں اور مخصوص نشستوں کے لیے پارٹی لسٹ جمع کرانے کی لازمی شق کی خلاف ورزی ہے جو قانون کا تقاضا ہے۔

Read Comments