بجلی کے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے ریلیف کا اعلان، ملک مشکل وقت سے گزر چکا ہے، وزیراعظم

وقت آگیا ہے کہ اشرافیہ اب ملک کیلئے قربانی دے، شہباز شریف کی پریس کانفرنس
اپ ڈیٹ 10 جولائ 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے 50 ارب روپے کے توانائی سبسڈی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے تین ماہ کے لیے ان کے بل 4 سے 7 روپے فی یونٹ کے حساب سے ہوں گے۔

پی ایم نے مزید کہا کہ تقریباً 92 فیصد گھریلو صارفین اس پیکج سے مستفید ہوں گے۔

وزیراعظم نے پہلے یہ تعداد 94 فیصد بتائی تھی لیکن پریس کانفرنس کے دوران تعداد 92 فیصد بتائی۔

انہوں نے کہا کہ اس پیکج پر 50 ارب روپے خرچ ہوں گے جو پی ایس ڈی پی فنڈ سے لیے جائیں گے۔ اس میں کے الیکٹرک کے صارفین کو بھی شامل کیا جائے گا۔

اس سے قبل بزنس ریکارڈر نے اپنے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی تھی کہ حکومت ملک بھر میں بڑے پیمانے پر اوور بلنگ کی وجہ سے گھریلو صارفین کی پروٹیکٹڈ کیٹیگریز کیلئے سبسڈی بڑھانے کے لیے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) 2024-25 میں مزید کمی کر سکتی ہے۔

بزنس ریکارڈر کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ پی ایس ڈی پی 2024-25 میں ایک اور کمی ہوگی جس کا مقصد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے پر سمجھوتہ کیے بغیر سب سے زیادہ متاثرہ افراد کو ریلیف دینے کے لئے مالی گنجائش پیدا کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اشرافیہ اب ملک کیلئے قربانی دے۔ پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔

اس پیکیج سے عام آدمی کے مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

Read Comments