پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے والے فرخ ایچ خان ٹیلی کام آپریٹر جاز کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کے طور پر شامل ہوں گے۔
ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو تصدیق کی کہ فرخ 15 ستمبر 2024 سے ٹیلی کام آپریٹر میں شمولیت اختیار کرینگے ۔
ذرائع نے مزید کہا کہ فرخ اپنے ساتھ ایک متاثر کن ٹریک ریکارڈ لے کر آئے ہیں اور بڑے مالیاتی اداروں کی سربراہی میں 30 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھتے ہیں۔
فرخ خان ماضی میں ایکومین فنڈ کے سی ای او، بی ایم اے کیپٹل مینجمنٹ کے شریک بانی اور سی ای او اور امریکن ایکسپریس میں سی ایف او کی حیثیت سے قائدانہ کردار ادا کر چکے ہیں۔
گزشتہ ہفتے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ فرخ خان نے اپنی مدت ختم ہونے سے تقریبا ڈیڑھ سال قبل پی ایس ایکس کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
فرخ خان نے فروری 2020 میں پی ایس ایکس میں اس وقت شمولیت اختیار کی تھی جب پاکستان میں کوویڈ کی وبا پھیلی تھی۔
ان کے دور میں پی ایس ایکس نے 18 ماہ کے وقفے کے بعد آئی پی او ونڈو کو فعال کیا۔ گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ (جی ای ایم) بورڈ متعارف کرایا گیا جبکہ ڈیٹ مارکیٹ میکرز پر دستخط کیے گئے اور انہیں فعال کیا گیا۔