تیل اور گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیاں اگلے تین سالوں میں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔
حکومت پاکستان نے اس پیشرفت کا اعلان ہفتے کو وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ای اینڈ پی کمپنیز کی میٹنگ کے بعد کیا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکٹر کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد کمیٹی ملک میں پیٹرولیم اور گیس کے ذخائر کی تلاش اور ترقی کے لیے پرکشش پالیسی بنانے کے لیے تجاویز مرتب کرے گی۔
بیان کے مطابق وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ای اینڈ پیز نے اگلے تین سالوں میں پاکستان میں 5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز نے ای اینڈ پیز کو آف شور ذخائر کی تلاش کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیل اور گیس کے گھریلو ذخائر کی تلاش ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی ذخائر سے پیداوار عام آدمی کے لیے ایندھن اور گیس کو سستا بنائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ توانائی کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جائیں۔
تیل اور گیس کا شعبہ پاکستان کی معیشت کا ایک اہم جزو ہے جو توانائی کی فراہمی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
پاکستان میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر اور خام تیل کے چھوٹے ذخائر موجود ہیں۔ اہم گیس فیلڈز میں سوئی، ماڑی اور قادر پور شامل ہیں جبکہ آئل فیلڈز بنیادی طور پر پوٹھوہار ریجن اور جنوبی سندھ میں واقع ہیں۔
تاہم یہ شعبہ گردشی قرضوں، بے حساب گیس (یو ایف جی)، لائنز/ ڈسٹریبیوشن کے نقصانات اور صلاحیت کی ادائیگی وں سے متعلق مسائل میں پھنسا ہوا ہے۔