وزیرداخلہ کی چینی و دیگرغیر ملکیوں کے تحفظ کیلئے ایس اوپیز پر عملدرآمد کی ہدایت

وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ چینیوں اور پاکستان میں کام کرنے والے دیگر غیر ملکیوں کے لئے سیکیورٹی پلان کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ ہدایت انہوں نےغیر ملکیوں بالخصوص چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سیکیورٹی پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ ترتیب دیئے گئے حفاظتی منصوبے کی ہر سطح پر نگرانی کی جائے اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے قریبی رابطے میں رہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان کے حوالے سے کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے۔

رواں ہفتے کے اوائل میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیدونگ سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے آزمائش کی اس گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے پر چینی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو کمزور نہیں کر سکتا۔

انہوں نے چینی سفیر کو پاکستان میں مقیم چینی شہریوں بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہتری اور خوشحالی کے لئے کام کرنے والے چینی شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Read Comments