پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ جمعہ کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں ایک دہشت گرد حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہو گئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کرم کے علاقے صدہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ بارودی ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا۔
شہید ہونے والوں میں اوکاڑہ کے رہائشی 33 سالہ حوالدار عقیل احمد ، پونچھ کے رہائشی 30 سالہ لانس نائیک محمد تفیر، اٹک کے رہائشی 24 سالہ سپاہی انوش رفون، ہری پور کے رہائشی 26 سالہ سپاہی محمد اعظم خان اور اسلام آباد کے رہائشی 29 سالہ ہارون ولیم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہناہے کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں ضلع لکی مروت میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں کیپٹن محمد فراز الیاس اور صوبیدار میجر محمد نذیر سمیت 7 جوان شہید ہو گئے تھے۔
کیپٹن محمد فراز الیاس شہید کا تعلق ضلع قصور سے ہے۔ انہوں نے 2020 میں پاکستان آرمی کی ناردرن لائٹ انفنٹری میں کمیشن حاصل کیا۔ ان کی شادی 19 جون 2024 کو ہونے والی تھی۔
صوبیدار میجر محمد نذیر شہید کا تعلق ضلع سکردو سے ہے اور انہوں نے 31 سال تک ملک کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔ صوبیدار میجر نذیر شہید نے پسماندگان میں بیوہ، 2 بیٹے اور 5 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
حملے کے بعد مسلح افواج نے ضلع لکی مروت میں کومبنگ آپریشن میں 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں پتہ لگایا اور 11 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے تھے۔