چینی کمپنی بی وائی ڈی کا پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کا معاہدہ

حبکو نے اعلان کیا ہے کہ اس کا مکمل ملکیتی ماتحت ادارہ (حب پاور ہولڈنگز) اپنی متعلقہ کمپنی میگا موٹر کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے دنیا کی معروف الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی آٹو انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ الیکٹرک گاڑیوں میں کاروبار کی ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔

اس پیش رفت سے حبکونے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمعہ کوجاری کیے گئے ایک نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا ۔

حبکو کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حب پاور کمپنی لمیٹڈ کی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ اپنی متعلقہ کمپنی میگا موٹر کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے پاکستان میں بی وائی ڈی آٹو انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ الیکٹرک گاڑیوں کے کاروبار کی ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔

اس سے قبل اپریل میں بی وائی ڈی نے اپنے مقامی پارٹنر میگا گروپ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کا اعلان کیا تھا تاکہ پاکستان میں جدید نیو انرجی وہیکل (این ای وی) سلوشنز متعارف کرائے جاسکیں۔

مشہور بی وائی ڈی نے سال 2023 میں ٹیسلا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی سطح پر تیار کی جانے والی برقی گاڑیوں کی سب سے زیادہ تعداد کے لئے سرفہرست مقام حاصل کیا۔

یہ شراکت داری ایک ایسے نازک موڑ پر سامنے آئی ہے جب پاکستان اپنے کاربن فٹ پرنٹ کو کم کرنے اور نقل و حمل کے زیادہ توانائی کی بچت کرنے والے طریقوں کو اپنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

دریں اثنا، حبکو نے جمعہ کو اپنے نوٹس میں کہا کہ اس نئے منصوبے کی تکمیل میں حتمی معاہدوں پر عمل درآمد اور اثاثوں کی خریداری شامل ہوگی اور یہ کارپوریٹ اور ریگولیٹری منظوریوں اور رضامندی سے مشروط ہے۔

دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی فضائی آلودگی اور گرین ہاؤس گیسوں کے بڑھتے ہوئے اخراج سے متعلق چیلنجز کا سامنا ہے۔

توقع ہے کہ بی وائی ڈی کے ای وی کےمتعارف ہونے سے روایتی پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کا متبادل پیش کرکے ان مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

اس کے ماحول دوست فوائد کے علاوہ ، بی وائی ڈی کے ای وی اپنی جدید ٹیکنالوجی ، کارکردگی اور حفاظتی خصوصیات کے لئے بھی جانے جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر کمپنی کی الیکٹرک بسوں کو دنیا بھر میں ان کی قابل اعتمادیت اور کارکردگی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر اپنایا گیا ہے ، جس سے وہ پاکستان کے عوامی نقل و حمل کے شعبے کے لئے ایک پرکشش آپشن بن گئی ہیں۔

Read Comments