پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے جمعرات کو بعد از حج آپریشن کا کامیاب آغاز کردیا ہے اور اس کی پہلی پرواز 160 حجاج کو لیکر کراچی پہنچ گئی ہے۔ یہ بات سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی نے اپنی رپورٹ میں بتائی ہے۔
پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر عمر خان، ایئرپورٹ منیجر جاوید پیچوہو اور دیگر حکام نے ایئرپورٹ پر حاجی صاحبان کا استقبال کیا۔
اس سے قبل جمعرات کو جدہ سے ایئر بلیو کی پہلی پرواز پی کے-471 ، جس میں 190 عازمین سوار تھے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔ دوسری پرواز 150 عازمین کو لے کر شام 7:00 بجے پہنچی۔
ڈائریکٹر حج پنجاب محمد رضوان شریف اور ڈپٹی ڈائریکٹر حج لاہور مجیب شاہ نے سول ایوی ایشن حکام کے ہمراہ واپس آنے والے حاجیوں کا پرتپاک استقبال کیا اور گلدستے پیش کیے۔
حجاج کرام نے اپنے سفر کے دوران کئے گئے اچھے انتظامات پر حکومت کی تعریف کی۔
حکام کے مطابق پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 21 جولائی تک جاری رہے گا جس میں 171 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب سے 35 ہزار سے زائد حاجیوں کو وطن واپس لایا جا ئے گا۔ یہ پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، سیالکوٹ اور پشاور کے لیے چلائی جائیں گی۔