گرڈ اسٹیشنزپر منتخب نمائندوں کے حملوں سے بھاری مالی نقصان پہنچا، پیسکو چیف

اپ ڈیٹ 21 جون 2024

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ (پیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے گرڈ اسٹیشنوں پر عوامی نمائندوں کے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پیسکو چیف کا کہنا ہے کہ حملوں سے ادارے کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔

سی ای او پیسکو نے 19 جون 2024 کو پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (پی پی ایم سی) اسلام آباد کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کو مخاطب کرتے ہوئے ایک خط میں خدشات کا اظہار کیا۔

خط کے متن کے مطابق آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ بطورِ عام اور خاص طور پر عید کی تعطیلات کے دوران فضل الٰہی (ایم پی اے) اور ارباب عامر ایوب (ایم این اے) نے ہجوم کے ساتھ مل کر132 کے وی گرڈ اسٹیشن رحمان بابا اور 132 کے وی گرڈ اسٹیشن کوہاٹ روڈ پر حملے کیے اور 11 کے وی ہائی لاس فیڈرز کی سپلائی کو زبردستی/غیر قانونی طور پر بحال کر دیا گیا اور لوڈ منیجمنٹ کے مقررہ اوقات سے زیادہ بجلی وصول کی گئی۔

خط میں کہا گیا کہ ایم این اے اور ایم پی اے کی کارروائی سے پیسکو کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایم پی اے اور ان کی ٹیم گرڈ اسٹیشنوں میں کافی دیر تک موجود رہے تاکہ عملے کو زیادہ نقصان والے فیڈرز کو بند کرنے سے باز رکھا جا سکے۔

خط کے مطابق اسی طرح اسی دن ذوالفقار (ایم این اے) نے ہجوم کے ساتھ مل کر 132 کے وی گرڈ اسٹیشن تارو جبہ اور 132 کے وی گرڈ اسٹیشن پبی پر 11 کے وی فیڈرز کو زبردستی متحرک کیا اور نعرے بازی کی اور ہجوم کو فیڈرز کی حالت پر سختی سے نظر رکھنے کے لئے اکسایا اور ڈیوٹی پر موجود عملے کو فیڈرز نہ کھولنے پر ہراساں کیا بصورت دیگر سنگین نتائج کی دھمکی دی۔ جسے سوشل میڈیا پر ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

اسی طرح کی کارروائی وسیم اور ارشد ناظم گلوزئی نے 132 کے وی گرڈ اسٹیشن دلازک کے فیڈرز کو زبردستی متحرک کرنے کے علاوہ موٹر وے کی ناکہ بندی اور عام شہریوں کی بھی بلاروک ٹوک رسائی کو نا ممکن بناکر کی۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا کے علاوہ انعام میئر متھرا زبردستی 132 کے وی گرڈ سٹیشن ورسک میں داخل ہوئے اور عید کے دنوں میں تمام زیادہ نقصان والے فیڈرز کو غیر قانونی طور پر متحرک کیا۔ انہوں نے زیادہ نقصان والے علاقوں کو غیر قانونی طور پر اچھی ادائیگی کرنے والے فیڈرز پر منتقل کر دیا ہے۔

پیسکو کے سربراہ نے کہا کہ منتخب نمائندوں نے ہجوم کے ساتھ مل کر گرڈ اسٹیشنوں میں داخل ہونا معمول بنا لیا ہے اور ہائی لاس فیڈرز کو آن کرکے غیر قانونی طور پر کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعات نہ صرف لوگوں/ہجوم کو زبردستی گرڈ سٹیشنوں میں داخل ہونے اور فیڈرز کو سوئچ کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں جس سے پیسکو/ ریاست کو بہت زیادہ مالی نقصان ہو رہا ہے بلکہ پیسکو افسران/ عملے کے لیے سسٹم کو آسانی سے چلانے کے لیے خوفناک اور دھمکی آمیز حالات بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

مزید برآں انہوں نے خبردار کیا کہ غیر تربیت یافتہ / غیر متعلقہ لوگوں کی طرف سے 11 کے وی سوئچ گیئر کی سوئچنگ کا عمل آلات کے دھماکے کا سبب بن سکتا ہے اور تمام گرڈ سٹیشنز زیادہ خطرے میں ہیں۔

پیسکو نے کہا کہ اس نے متعلقہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف متعلقہ تھانوں میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرنے کی درخواست کی ہے۔

اس سے قبل عید کے تیسرے روز ہیٹ ویو کے باجود کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف کئی شہروں میں عوامی مظاہرے ہوئے جس کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

بدھ کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول گرڈ اسٹیشن حکام کے حوالے کیے جانے پر الزام لگایا کہ واپڈ کے پی کے عوام سے ناروا سلوک کررہی ہے۔

ایک متعلقہ پیش رفت میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور کے پی کے کے وزیر اعلیٰ نے بدھ کو صوبے میں لوڈشیڈنگ کے بحران سے نمٹنے کے لیے ٹیلی فونک بات چیت کی۔

دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر آئندہ دو روز کے دوران مشاورت اور مذاکرات کرنے پر اتفاق کیا۔

Read Comments