سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ہدایت کی ہے کہ وہ پٹرول اسٹیشنز پر سبسڈی فراہم کرنے یا معاشرے کے مختلف طبقات کے لیے دو نرخ متعارف کرانے کے علاوہ مستحق طبقات کو مراعات دینے کا کوئی عملی طریقہ تلاش کرے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کا افتتاحی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا جس میں فنانس بل 2024 پر سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس کے دوران کمیٹی نے اوگرا اور وزارت پٹرولیم کو پٹرولیم مصنوعات (پٹرولیم لیوی) میں ترمیم میں لیوی ریٹ میں اضافے کے طریقہ کار کو واضح کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین اوگرا نے کمیٹی کو مالی بجٹ 2024-25ء میں پٹرول لیوی میں مجوزہ اضافے پر بریفنگ دی۔
اجلاس کی صدارت سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کی جس میں وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب کے علاوہ کمیٹی ارکان سینیٹر شیری رحمان، محسن عزیز، انوشہ رحمان، احمد خان، شاہ زیب درانی، فاروق حامد نائیک، فیصل واوڈا اور منظور احمد کاکڑ نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے چیئرمین نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کمیٹی ممبران سے منی بل 2024 کا جامع جائزہ وصول کیا ۔ سینیٹر انوشہ رحمان نے ڈیجیٹل ایپلی کیشنز سے تمام ٹیکسز ہٹانے کی وکالت کرتے ہوئے آن لائن فری لانسنگ اور سوشل ایپس میں مصروف نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو اجاگر کیا جو بین الاقوامی ترسیلات زر میں بھی حصہ ڈالتے ہیں۔