12 کھرب روپے سے زائد ٹیکس ہدف مقرر کیے جانے کا امکان

  • فنانس بل 2024 کا اعلان آج کیا جائے گا ، پرتعیش اشیاء کی درآمد پر ڈیوٹیز میں مزید اضافہ متوقع
12 جون 2024

حکومت کی جانب سے مالی سال 2024-25 کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 12 کھرب روپے سے زائد ٹیکس وصولیوں کا ہدف مقرر کیے جانے کا امکان ہے جو مالی سال 2023-24 کے 9.4 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 2.6 ٹریلین روپے سے زائد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ 1500 سے 2000 ارب روپے تک کے محصولاتی اقدامات کا اعلان آج (بدھ) متوقع ہے۔

فنانس بل 2024 کا اعلان بدھ (12 جون) کو کیا جائے گا جس میں غیر ضروری / لگژری اشیاء اور تیار مصنوعات کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹیز اور دیگر ڈیوٹیز میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

بجٹ 2024-25 میں درآمدات، معاہدوں، خدمات اور رسد سمیت ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں اضافے کا امکان ہے۔ نان فائلرز کے معاملے میں غیر رجسٹرڈ افراد کے مختلف مالیاتی لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا۔

حکومت کمرشل امپورٹرز کی جانب سے خام مال کی درآمد پر ایڈوانس انکم ٹیکس میں ایک فیصد اضافہ کرسکتی ہے۔

ایف بی آر نے مینوفیکچررز سے ریٹیلرز تک پورے بزنس سپلائی چین پر 2.5 فیصد ٹیکس لگانے کی تجویز دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے فنانس بل کے تحت تنخواہ دار طبقے کے لئے انکم ٹیکس سلیب پر نظر ثانی کی توقع ہے۔

مجوزہ محصولاتی اقدامات میں سے ایک غیر منقولہ جائیدادوں کی خریداری پر ایڈوانس ٹیکس بڑھانا ہے۔ ایف بی آر نے رواں مالی سال فائلرز پر 3 فیصد اور نان فائلرز پر 10.5 فیصد ٹیکس عائد کیا ہے اور رواں سال کے دوران تقریبا 80 ارب روپے جمع کیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 کروڑ روپے تک کی جائیداد کی خریداری پر فائلرز پر 3 فیصد اور نان فائلرز پر 6 سے 7 فیصد ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح 5 سے 10 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کی خریداری پر فائلرز پر 4 فیصد اور نان فائلرز پر 12 فیصد ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔

مزید برآں 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد کی خریداری پر فائلرز پر 5 فیصد اور نان فائلرز پر 15 فیصد ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔

حکومت نکوٹین تھیلوں اور ای سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) عائد کرنے کیلئے تیار ہے۔ فی الحال نکوٹین کے تھیلوں پر کوئی ایف ای ڈی نہیں ہے.

اس اقدام سے اربوں روپے کی آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ ایف بی آر نے بجٹ 2024-25 میں متعدد زیرو ریٹڈ آئٹمز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی معیاری شرح اور ڈیری و اسٹیشنری آئٹمز سمیت مستثنیٰ اشیا پر سیلز ٹیکس کی تجویز دی ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments