صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) تشکیل دے دی۔
اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 156 کی شق (1) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے صدر مملکت نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل دی ہے۔
اقتصادی کونسل کی سربراہی وزیراعظم کریں گے جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ اس کے ارکان ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم کی جانب سے نامزد چار اور وزرائے اعلیٰ کی جانب سے نامزد چار ارکان بھی کونسل کے رکن ہوں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے نامزد کیے جانے والے چار ارکان میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شامل ہیں۔
آئین کے آرٹیکل 156 کی شق (1) کے تحت متعلقہ وزرائے اعلیٰ کی جانب سے نامزد کردہ چار ارکان میں پنجاب سے مریم اورنگزیب اور بلوچستان سے صوبائی وزیر ظہور احمد بھی کونسل کے رکن ہوں گے۔
سندھ سے صوبائی وزیر جام خان شورو اور خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم بھی قومی اقتصادی کونسل کے رکن ہوں گے۔
سیکرٹری اقتصادی امور اور وفاقی وزیراحدچیمہ بھی خصوصی دعوت پرکونسل اجلاس میں شریک ہوسکیں گے۔
اجلاس میں خصوصی دعوت پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد اقبال چیمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری فنانس ڈویژن، سیکرٹری ای اے ڈی، سیکرٹری پلاننگ، ڈویلپمنٹ اینڈ اسپیشل انیشی ایٹو ڈویژن شرکت کرسکیں گے ۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024