پاکستان کو مئی میں 3.24 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات، سالانہ بنیادوں پر 54 فیصد اضافہ

سعودیہ، امارات، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے سب سے زیادہ رقوم بھجوائیں

مئی 2024 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر 3.243 بلین ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ یہ مئی 2023 میں 2.103 بلین ڈالر کی ترسیلات زر کے مقابلے میں سالانہ بنیادوں پر 54.2 فیصد زیادہ ہے۔ یہ بات اسٹیٹ بینک کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ تازہ اعداد و شمار میں بتائی گئی ہے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 15.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا کیوں کہ یہ رقم اپریل 2024 میں 2.813 بلین ڈالر تھی۔

بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ اضافہ عید کی آمد اور کرنسی کے استحکام کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کرنسی کے استحکام کی توقع اور نئے آئی ایم ایف پروگرام کی توقعات کے پیش نظر آنے والے مہینوں میں ترسیلات زر میں سالانہ نمو مضبوط رہے گی۔

ملکی ترسیلات زر ملک کے بیرونی اکاؤنٹ کو سپورٹ کرنے، پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ ترسیلات زر پر منحصر گھرانوں کی قابل تصرف آمدنی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

مالی سال 24 کے پہلے 11 مہینوں کے دوران بیرون ملک ملازمت پذیر پاکستانیوں کی جانب سے 27.093 بلین ڈالر کی ترسیلات زر ریکارڈ کی گئی جو مالی سال 2023 کے 11 ماہ کے دوران 25.146 بلین ڈالر کی ترسیلات کے مقابلے میں 7.7 فیصد زیادہ ہے۔

مجموعی تجزیہ

سعودی عرب میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ترسیلات کے حوالے سے سرفہرست ہونے کا درجہ برقرار رکھا اور انہوں نے مئی 2024 میں سب سے زیادہ رقم بھجوائی کیونکہ انہوں نے اس مہینے میں 819.3 ملین ڈالر بھیجے جو ماہانہ بنیادوں پر 15 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 56.4 فیصد اضافہ ہے۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ماہانہ بنیادوں پر آمدن بڑھی ہے، یہ اپریل میں 542.5 ملین ڈالر سے بڑھ کر مئی میں 668.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ سالانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 99.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ برس کے اسی مہینے میں رپورٹ ہونے والے 335.8 ڈالر ملین کے مقابلے میں تھا۔

مئی کے دوران برطانیہ سے ترسیلات زر 473.2 ملین ڈالر رہیں جو کہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 306.4 ملین ڈالر کے مقابلے میں 54.4 فیصد زیادہ ہے۔

یورپی یونین سے ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 36.4 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ مئی 2024 میں یہ رقم 340 ملین ڈالر رہی۔ ماہانہ بنیادوں پر اس میں 14.1 فیصد اضافہ ہوا۔

امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے مئی 2024 میں 359.5 ملین ڈالر بھیجے جو کہ ماہانہ بنیادوں پر 9 فیصد اضافے کے ساتھ 39.7 فیصد سالانہ اضافہ ہے۔

Read Comments