وزیراعظم شہباز شریف سے شینزین میونسپل کمیٹی کے پارٹی سیکرٹری اور گوانگ ڈونگ صوبائی کمیٹی کے ڈپٹی پارٹی سیکرٹری مینگ فانلی نے ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تعلقات کی جڑیں قیادت کی سطح پر مسلسل روابط اور مکالمے، عوامی رابطوں، ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں پر مبنی ہیں۔
انہوں نے گوانگ ڈونگ صوبے کی متاثر کن اقتصادی ترقی اور مثالی اختراعی جذبے کو سراہا۔ انہوں نے شین زین کو پاکستان کے ساتھ چین کے کاروباری روابط کا تجارتی گیٹ وے بھی قرار دیا۔
پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کا اعادہ کرتے ہوئے فریقین نے پاکستان اور گوانگ ڈونگ صوبے کے درمیان بالخصوص سی پیک کے تحت تعاون میں اضافے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
شہباز شریف اور پارٹی سیکرٹری مینگ فانلی نے سائنس و ٹیکنالوجی، جدت طرازی اور تجارت و اقتصادی تعاون میں شراکت داری کو بڑھانے کے حقیقی امکانات کو بروئے کار لانے کے لئے سائنسدانوں، جدت طرازوں اور تاجروں کے درمیان مضبوط روابط اور تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کل ہونے والی پاک چین بزنس کانفرنس اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔