ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن : وزیرخزانہ کا میک کنزی کے سربراہ سے تبادلہ خیال

اپ ڈیٹ 04 جون 2024

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹیکس نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے پی آر ایل (پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ) اور ریمیٹ کا ڈیٹا استعمال کرنے پر زور دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو فنانس ڈویژن میں میک کنزی کے پارٹنر علی ملک کے ساتھ ٹیکنالوجی اور ٹیکس میکنزی اینڈ کمپنی کے ریجنل ہیڈ ٹام ایشر ووڈ سے ملاقات کے دوران کیا۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخزانہ نے ملاقات کے دوران ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل گورننس کی جانب ثقافتی تبدیلی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے ڈیجیٹائزیشن میں ایف بی آر کی جاری کوششوں کے ذریعے ٹیکس وصولیوں کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آر اے ایل (پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ) اور ریمٹ کے اعداد و شمار کو ایف بی آر کے ٹیکس نظام کو ڈیجیٹائز کرنے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اجلاس کے دوران اس ڈیٹا سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فوری کامیابی حاصل کرنے اور ڈیش بورڈز کے ذریعے روزانہ کی رپورٹنگ کو نافذ کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیر مملکت علی پرویز ملک نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر مملکت نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح جاری مشق کو مؤثر طریقے سے ڈیٹا تیار کرنے، ترتیب دینے اور تجزیہ کرکے بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پروجیکٹ کے مجموعی نتائج کو بہتر بنانے کے لیے ڈیٹا پر مبنی نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔

دریں اثنا میک کنزی کی ٹیم نے وزیر خزانہ کو یقین دلایا کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اس مشق کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔

گزشتہ ماہ پاکستان نے عالمی سطح پر معروف کنسلٹنگ فرم میک کنزی اینڈ کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کا مقصد پاکستان کو ٹیکس اتھارٹی کی اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائزیشن میں مدد فراہم کرنا تھا۔

Read Comments