اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رحجان ختم، انڈیکس میں 42 پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کے کاروباری روز اتار چڑھاؤ کا رحجان ختم ہوگیا ہے اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں گزشتہ سیشن کے مقابلے میں 42 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔

جمعرات کو کے ایس ای 100 انڈیکس نے سیشن کا آغاز مثبت انداز میں کیا کیوں کہ انڈیکس کچھ دیر کیلئے 75 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا تھا۔

تاہم جلد ہی فروخت کا سلسلہ ابھرا جس سے انڈیکس منفی زون میں چلا گیا۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 41.82 پوائنٹس یا 0.06 فیصد اضافے کے ساتھ 74,878.12 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بروکریج ہاؤس نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا ملا جلا دن رہا جہاں تیزی اور مندی کے رحجانات ایک دوسرے پر غالب آنے کی کوششیں کرتے رہے تاہم کاروبار کے اختتام پر خریداری کا رحجان غالب آیا۔

بدھ کو اسٹاک مارکیٹ میں مندی رہی تھی کیونکہ بینچ مارک انڈیکس 75,000 سے نیچے چلاگیا تھا اور 681.19 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

بروکریج ہاؤس کے مطابق گزشتہ روز کے برعکس جمعرات کو شروعات مثبت انداز میں ہوئی تاہم سرمایہ کاروں نے کچھ منافع لینے کا انتخاب کیا، جس سے بینچ مارک انڈیکس میں کمی واقع ہوئی اور یہ انٹرا ڈے کی کم ترین 74,585 کی سطح پر آگیا تھا۔

ٹاپ لائن سیکورٹیز نے کہا کہ انڈیکس کے نیچے جانے پر ایک بار پھر مثبت سرمایہ کاری شروع ہوئی جس سے انڈیکس کا اختتام مثبت زون میں ہوا۔

ای اینڈ پی، بینکنگ، اور فرٹیلائزر سیکٹر منفی زون میں ٹریڈ کرتے رہے کیوں کہ ماری، ایم سی بی، اینگرو، ایف ایف سی اور پی ایس ایل 37 پوائنٹس کم کرنے کا سبب بنے جبکہ ایم ٹی ایل ، ایس آر وی آئی اور پی پی ایل میں خریداری رہی اور ان کمپنیوں کی بدولت 39 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

معاشی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے لکی کور انڈسٹریز لمیٹڈ (ایل سی آئی) کی ذیلی کمپنی لکی ٹی جی پرائیویٹ لمیٹڈ (ایل ٹی جی) نے کہا کہ وہ کمپنی کے شیئر ہولڈنگ کے تناسب سے اپنے حصص واپس خرید رہی ہے۔ ایل سی آئی نے اس پیشرفت کا اشتراک اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں کیا۔

دریں اثنا جمعرات کے کاروباری روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا ہے اور اس کی قدر مزید 0.04 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جمعرات کو روپے کی قدر میں 10 پیسے کی کمی کے بعد ڈالر 278 روپے 50 پیسے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن پہلے 408.07 ملین سے بڑھ کر 410.57 ملین ہو گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن میں 16.50 ارب روپے سے کم ہو کر 14.92 ارب روپے ہو گئی۔

فوجی سیمنٹ 42.51 ملین شیئرز کے ساتھ والیوم لیڈر رہی، اس کے بعد دیوان سیمنٹ 26.32 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور دیوان موٹرز 25.94 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

جمعرات کو 413 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 161 میں اضافہ، 196 میں کمی جبکہ 56 کے بھاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

Read Comments